کمنگ (آئی این پی ) چین نے کہا ہے کہ کمنگ اور کراچی کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں ، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری کو فروغ دینا چین کی اولین ترجیح ہے ، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم حصہ ہے ،کمنگ اور کراچی بندرگاہ کے درمیان رابطے مزید مضبوط کررہے ہیں ،پاٍکستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مضبوط شراکت دار کے طورپر کام کررہے ہیں تاکہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ یہ بات چین کے شہر کمنگ میں سرکاری اور کاروباری برادری کے نمائندوں کے عالمی فورم میں کہی گئی ہے۔فورم سے خطاب کرتے ہوئے کن منگ کے میئر وانگ زی لیانگ نے شاہراہ ریشم سے منسلک تمام ممالک بالخصوص پاکستان کو حمایت کا یقین دلایاکہ وہ ان ممالک کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ایک مضبوط شراکت دار کے طورپر کام کررہے ہیں ، جن ملکوں نے اس فورم میں شرکت کی ان میں ملائیشیا ، فن لینڈ ، فرانس ، تھائی لینڈ ، نیپال ، لائو اور میانمر بھی شامل ہیں۔