لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے پوری قوم چاہتی ہے کہ سپریم کورٹ سے کرپشن کا جنازہ دھوم دھام سے نکلے ۔ جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کو بتایاہے کہ سرکاری ادارے ریکارڈ چھپا اور تبدیل کر رہے ہیں جو انتہائی خطرناک اور احتساب کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ ریکارڈ کو چھپانا اور تبدیل کرنا انصاف کاقتل ہے ۔ حکومت جے آئی ٹی کو متنازعہ بنا کر احتساب سے بچنا چاہتی ہے ۔ حکمرانوں کا اب احتساب نہ ہوا تو پھر کبھی نہیں ہو سکے گا ۔ حکمرانوں کے پاس اپنے دفاع کے لیے ثبوت ہوتے تو وہ سپریم کورٹ میں پیش کر چکے ہوتے ۔گزشتہ روز بیان میں سراج الحق نے کہاکہ قوم کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے لیکن حکومت کے وزراء اور پارٹی لیڈر جے آئی ٹی کے خلاف گرد اڑا کر اور اداروں کو دھمکیاں دے کر اپنے مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں ۔اس وقت پوری قوم سپریم کورٹ کی پشت پر ہے ۔ جے آئی ٹی کو دھمکیاں دینا اور سرکاری اداروں کا ریکارڈ غائب یا تبدیل کرنا حکمرانوں کے گناہوں کے بوجھ میں اضافہ کرے گا۔وہ قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم حکمرانوں سمیت ہر لٹیرے کا احتساب چاہتے ہیں اور ہمارا پہلے دن سے مطالبہ ہے کہ پانامہ سکینڈل ، دبئی لیکس ، بینکوں سے قرضے لے کر معاف کرانے والوں میں سے کسی کردار کو بھی چھوڑ ا نہ جائے اور وزیراعظم کے احتساب کے بعد سابقہ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے وہ کوئی مقد س گائے نہیں ۔