اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یہ کہا گیا کہ تصویر لیک کے پیچھے میرا بھانجا ہے۔ میرا کوئی سگا بھانجا ہے نہ حماد جاوید سے میرا کوئی تعلق۔ جے آئی ٹی پر اعتراض سب سے پہلے پی ٹی آئی اور اس کے بعد پیپلزپارٹی نے کیا۔ عدالتوں میں جانے کا کھیل عمران خان نے شروع کیا۔ میرے خلاف بے بنیاد مہم چلانے والوں کو ناکامی ہوگی۔ وزیراعظم دو برادر ملکوں کے تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں۔ جہاں اختلاف رائے ہوگا۔ تحفظات ہوں گے اس کو ضرور اٹھائیں گے۔ اگر جے آئی ٹی پر پریشر ہوتا تو یہ نہ ہوتا جو اب تک ہوتا رہا ہے۔ حدیبیہ پیپر ملز کے معاملے پر عدالتی فیصلہ آ چکا ہے۔ ایک ٹی وی چینل نے کہا کہ تصویر لیک کرنے والا میرا بھانجا ہے ہم دو بھائی ہیں کوئی بہن نہیں تو بھانجے کا رشتہ وجود نہیں رکھتا۔ جے آئی ٹی پر تحفظات ہمارا حق ہے پھر بھی وزیراعظم اس میں پیش ہو رہے ہیں۔
تصویر لیک کے پیچھے میرا بھانجا ہے نہ حماد جاوید سے کوئی تعلق، عدالتوں میں جانے کا کھیل عمران نے شروع کیا: سعد رفیق
Jun 14, 2017