لاہور(نیوزرپورٹر) محکمہ آبپاشی پنجاب نے پانی کی بڑھتی ہوئی قلت پر قابو پانے کیلئے راولپنڈی ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے اضلاع میں 4 نئے سمال ڈیمز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان سمال ڈیمز کے ذریعے بارشوں کے پانی بالخصوص سیلاب کی صورت میں سمندر برد ہونے والے پانی کو استعمال میں لانے کا بندوبست کیا جائے گا۔ راولپنڈی ڈویژن میں دو جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور میں ایک ایک سمال ڈیم بنے گا۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 6ارب 77 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔اس امر کا اظہار صوبائی وزیر آبپاشی امانت اللہ خان شادی خیل نے محکمانہ اجلاس کے دوران کیا۔ امانت اللہ خان شادی خیل نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور پانی کو ذخیرہ کرنے کے مناسب انتظامات کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہر سال قیمتی پانی سیلابی ریلے کی شکل میں سمندر برد ہو جاتا ہے ۔ اس ضیاع کو روکنے کیلئے محکمہ آبپاشی مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں سمال ڈیمز کی تعمیر کے 17 منصوبے شامل ہیں ۔ تاہم نئے مالی سال سے مزید 4 سمال ڈیمز کی تعمیر کی داغ بیل ڈالی جا رہی ہے۔
پانی کی بڑھتی قلت پر قابو پانے کیلئے 4نئے سمال ڈیمز تعمیر کرنے کا فیصلہ
Jun 14, 2017