اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ ایجنسیاں) آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی۔ نگران وزیرِاعظم ناصرالملک کی زیرِ صدارت اجلاس میں ٹاپ بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اکبر درانی پنجاب اور اعظم سلیمان سندھ کے چیف سیکرٹری تعینات ہو گئے۔ نوید کامران کو خیبر پی کے اور اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا۔ چاروں صوبوں میں پولیس کے سربراہان کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کلیم امام کو پنجاب، امجد جاوید سلیمی کو آئی جی سندھ تعینات کر دیا گیا۔ محمد طاہر خیبر پی کے اور محسن حسن بٹ بلوچستان کے آئی جی ہوں گے۔ تبدیلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پولیس گروپ کے گریڈ 20 کے افسر جان محمد کو آئی جی پولیس اسلام آباد مقرر کر دیا گیا۔ ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دی گئیں جنہوں نے اپنا چارج چھوڑدیا۔ نئے چیف سیکرٹریز اور پولیس چیفس الیکشن کمشن کی طرف سے منعقد ہونے والے آج کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اہم اجلاس میں انتخابات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔قبل ازیں نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ملاقات کی اور ان سے ، مجموعی صورتحال اورآئندہ انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات میں الیکشن کمشن کے خط کی روشنی میں چاروں صوبوں اور وفاق میں اعلی انتظامی عہدوں پر اچھی شہرت کے حامل غیر سیاسی افسران کو تعینات کرنے پر اتفاق کیا گیا اور جلد ہی اس حوالے سے عمل درآمد شروع ہوجائے گا صوبوں نے بھی اس بارے اپنی سفارشات دے دیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آئندہ انتخابات کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا اور نگران وزیراعظم نے بروقت، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے عزم کو دہرایا اور وزرائے اعلیٰ کو بھی ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کئے جائیں گے۔دریں اثناء نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ ماضی میں خامیوں کے پیش نظر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ نگران وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر مذہبی امور محمد یوسف شیخ اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ سیکرٹری مذہبی امور نے وزارت کے دوسرے امور پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے حج آپریشن کے لئے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ ماضی میں خامیوں کے پیش نظر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ سیکرٹری مذہبی امور نے بریفنگ میں بتایا کہ تین لاکھ 74ہزار 251 حج درخواستیں موصول ہوئیں۔ درخواستیں سرکاری سکیم کے تحت حج انتظامات پر عوامی اعتماد کا مظہر ہیں۔ رواں سال دس ہزار سیٹیں اسی سال سے زائد عمرے افراد کے لئے مختص ہیں۔ اسی سال سے زائد عمر کے عازمین کے ساتھ ایک مدد گار ضروری ہے گزشتہ تین برس سے کامیاب نہ ہونے والے 12235افراد کو بھی شامل کیا ہے۔ علاوہ ازیں جاپانی سفیر نے وزیراعظم ناصر الملک سے خیرسگالی ملاقات کی۔ انہوں نے جاپان کے وزیراعظم کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور پاکستان کے عوام کی کامیابیوں کا معترف ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار پالیسیوں سے استفادہ کریں۔
تبادلے
لاہور (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار) ڈی ایم جی کے گریڈ 22کے افسر نئے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی پنجاب میں اے سی قصور، اے ڈی سی رحیم یار خان، گوجرانوالہ خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کا تعلق فوج سے تھا جہاں سے وہ سول سروس ڈی ایم جی گروپ انڈکٹ ہوئے تھے۔ ان کا اپنا ڈومیسائل بلوچستان کا ہے۔ تاہم ان کے سسرال کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ ابتدائی نوکری کے بعد وہ بلوچستان تبدیل کر دئیے گئے تھے اس کے بعد وہ بلوچستان میں ہوم سیکرٹری تین مرتبہ تعینات رہے ہیں۔ سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری صحت بلوچستان بھی رہے ہیں۔ ان کا تعلق ڈی ایم جی کے 17کامن سے ہے۔ وہ اس سے قبل وفاقی سیکرٹری ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ تعینات تھے۔ نئے تعےنات ہونے والے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے سیاسیات اور انٹرنیشنل ریلیشنز میں پی ایچ ڈی کے علاوہ برطانیہ سے ہیومن رائٹس لاءمیں ایل ایل ایم اور فلسفہ میں ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کی ہےں۔ آئی جی پنجاب کے عہدے پر تعیناتی سے قبل وہ اندرون اور بیرون ممالک اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں ۔ انہوں نے بطور ایس پی سبی، نصیر آباد، ایس ایس پی کوئٹہ، راولپنڈی، اسلام آباد، ایف آئی اے امیگریشن کے ساتھ ساتھ چیف سکیورٹی آفیسر برائے وزیر اعظم، ڈائریکٹر نیشنل پولیس بیورو، آئی جی اسلام آباد، آئی جی نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے علاوہ یو این او مشن کے تحت سوڈان کے علاقے ڈارفر میں بطور پولیس کمشنر بھی اپنی ذمہ داریاں سر انجام دی ہیں۔ انہیں اعلی خدمات پر اقوام متحدہ کی جانب سے تین امن ایوارڈز، قائد اعظم پولیس میڈل، صدارتی ایوارڈ اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ وہ پاکستان ٹےنس فےڈرےشن (پی ٹی ایف) کے صدر جبکہ پولیس سروس آف پاکستان ایسوسی ایشنز کے نائب صدر بھی رہے ہیں۔
کلیم امام