لاہور (خصوصی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی سکرپٹ کا حصہ اور فکسڈ میچ کے تحت ہوئی مگر نوازشر یف کے ڈرنے کی بجائے ڈٹ جانے سے اب یہ لوگ کبھی دائیں، کبھی بائیں اور کبھی آگے اور کبھی پیچھے دیکھ رہے ہیں‘ نوازشریف ملک میں آئین و قانونی کی حکمرانی کےلئے مقدمات کا سامنا اور تکالیف برداشت کررہا ہے، پوری قوم کومعلوم تھاکہ شیخ رشید کے کیس کا کیا فیصلہ آنا ہے اس لئے اسے سننا گوارا نہیں کیا یہ روایت 70سالوں سے چلی آرہی ہے کہ عوام کے منتخب وزیر اعظم کو استعمال کئے ہوئے ٹشو پیپر کی طرح باہر پھینک دو ،ملک کے آئین کو توڑنے والا عدالت آتے ہوئے ہسپتال اور پھر کمر درد کا بہانہ بنا کر باہر بھی چلا گیا لیکن اس کو بلایا جارہا ہے اس کا انتظار کیا جارہا ہے‘ پاکستان میں پانی کا مسئلہ حل کیا جانا چاہیے ، چھوٹے اور بڑے ڈیمز بننے چاہئیں‘ کالا باغ ڈیم کی تعمیر حساس مسئلہ ہے اور اس کےلئے دو صوبوں کا اتفاق رائے نہیں۔ اس کی تعمیر کے لئے قومی اتفاق رائے نا گزیر ہے تاکہ کوئی ایشو کھڑا نہ ہو۔ ایوان عدل میںاپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کےلئے ریٹرننگ افسر کے سوالوں کا جواب دےنے اور پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا پوری دنیا نے دیکھا کہ نواز شریف اسی لئے کھڑا ہے اور مقدمات کا سامنا کررہا ہے اور تکالیف برداشت کر رہا ہے ۔ مشرف کیلئے ایک فاضل جج کہہ رہے ہیںکہ آپ تشریف لائیں کوئی آپ کو گرفتار نہیں کرے گا ۔ نواز شریف کے حوالے سے پہلے ہی فیصلہ کر لیا گیا تھا کہ اس سے جان چھڑانی ہے اور ایک بہانہ بنایا گیا ۔یہ سب کچھ اسکرپٹ کا حصہ اور فکسڈ میچ ہے ، لیکن اس میں کہیں یہ شامل نہیں تھاکہ نواز شریف ڈرنے کی بجائے ڈٹ جائے گا ،اللہ کی ذات کا بھی ایک منصوبہ ہوتا ہے ،ان کی سب منصوبہ بندی فیل ہو گئی۔ وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے 120روز دھرنا دیا گیا اور یوٹرن لئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ ووٹ کی عزت مہم میں ہمیں کامیاب کرے کیونکہ ووٹ کی عزت کا وقت آگیا ہے اور کامیابی قریب ہے، میں ملک، قوم اور ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلی ہوں، ووٹر سے کہتی ہوں باہر نکلیں، ابھی نہیں تو کبھی نہیں۔ ڈکٹیٹر کو آزادی دی جارہی ہے اور عوام کے منتخب وزیراعظم کو رسوا کیا جاتا رہا ہے، آئین اور قانون کی حکمرانی کے سوا گزارہ ممکن نہیں، انتخابات ملتوی کرنے یا چالیں چلنے کا وقت گزر گیا، پاکستان جاگ اٹھا ہے اور عوام باشعور ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائے گی۔پی پی 173اور این اے 125کے ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور اعتراض سنے جانے کے موقع پر مریم نواز سے سوالات کئے گئے جس پر ان کے وکلاءکی جانب سے اعتراض کیا گیا تاہم مریم نواز نے اس کے باوجود سوالات کے جوابات دئیے ۔ریٹرننگ افسر نے سوال کیا کہ پانی کے بحران سے کیسے نمٹیں گی؟ اس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ پانی کو محفوظ بنانا بہت ضروری ہے، چھوٹے اور بڑے ڈیمز بننے چاہئیں۔ریٹرننگ افسر نے پوچھا کہ بھارت اور افغانستان سے خارجہ پالیسی کوکس تناظر میں دیکھتی ہیں؟ آر او کے اس سوال پر مریم نواز کے وکلا ءنے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔البتہ مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی بنانا پارلیمنٹ اور منتخب نمائندوں کا کام ہے، بطور پاکستانی سمجھتی ہوں کہ ہمسایہ ممالک سے کشیدگی نہیں ہونی چاہیے۔ریٹرننگ افسر نے مریم نواز سے پوچھا کہ دہشتگردی سے متعلق آپ کی کیاپالیسی ہوگی؟مریم نواز نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ اور پوری قوم کھڑی ہے، تاریخ کے کامیاب آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد دہشت گردی کے خلاف کیے گئے، کوئی اچھا اور برا دہشت گرد نہیں، پہلے قوم اس مسئلے پرتقسیم تھی۔این اے 125کے ریٹرننگ افسر کی جانب سے بھی مریم نواز سے سوالات پوچھے گئے ۔کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ حل کیا جانا چاہیے ، چھوٹے اور بڑے ڈیمز بننے چاہئیں۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر حساس مسئلہ ہے اور اس کےلئے دو صوبوں کا اتفاق رائے نہیں۔ اس کی تعمیر کے لئے قومی اتفاق رائے نا گزیر ہے تاکہ کوئی ایشو کھڑا نہ ہو ۔ انہوںنے دہشتگردی سے نمٹنے کے حوالے سے کیا پالیسی ہو گی کہ سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کھڑی ہے اور قوم نے اس جنگ میں حکومت اور اداروں کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوںنے سکول سے باہر بچوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں اس پر بہت کام ہوا ہے اور نوے فیصد تک کامیابی ملی ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا۔ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز کے فیصلے سے وفاقیت پر سائے طاری کر دئیے ہیں۔ فل کورٹ کو نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے پر ضرور نظرثانی کرنی چاہئے۔ سپریم کورٹ میں بلوچستان کی واحد آواز کو خاموش نہیں کرنا چاہئے۔
مریم نواز