لاہور+ ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) سکھ مذہب کے پانچویں گورو، گورو ارجن دیو جی کے 412ویں شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئے ہوئے بھارتی سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے گورودووارہ ڈیرہ صاحب (لاہور) پہنچ گئے، بھارتی سکھ یاتریوں کو سکیورٹی کے کڑے حصار میں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے ذریعے ریلوے سٹیشن ننکانہ صاحب پہنچایا گیا سکھ یاتری 16جون کو گورودوارہ ڈیرہ صاحب (لاہور) میں پانچویں گورو، گوروارجن دیو جی کے 412ویں شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے 17جون کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہوجائیں گے۔ سکھ مذہب کے پانچویں گورو، گوروارجن دیو جی مہاراج کے 412ویں شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب آئے بھارتی سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پوری سکھ قوم کے لئے اگر دنیا میں کوئی جگہ مقدس ہے تو وہ ننکانہ صاحب ہے، سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کا اس دھرتی پر جنم ہوا ہمیں پاکستان میں آنے سے قبل ڈرایا جاتا تھا کہ آپ پاکستان نہ جائیں وہاں کے حالات ٹھیک نہیں ہیں وہاں پردہشت گردی اور وہاں پر اقلیتوں کے ساتھ بہت برا سلوک کیا جاتا ہے، پاکستان آکر ہمیں محسوس ہوا کہ بھارتی پرواپیگنڈا جھوٹ پر مبنی ہے ہم پاکستان میں خود کو بھارت سے بھی زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں، ہمیں پاکستان میں بالکل احساس نہیں ہوا کہ ہم کسی اور ملک میں آئے ہیں، یہاں کے عوام اور سرکار نے ہمارا جس والہانہ طریقے سے استقبال کیا اسے ہم کبھی نہیں بھلا سکتے، بھارت سمیت دنیا بھر کے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کے عوام ملنسار ہیں پاکستان میں واقع ہمارے مقدس مقامات کی جس احسن طریقے سے سیوا سنبھال کی جارہی ہے اس پر ہم حکومت پاکستان کے بے حد مشکور ہیں اگر گورونانک صاحب کو منظور ہوا تو ہم نومبر میں بھی گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے ننکانہ صاحب آئیں گے۔ بھارت سے پاکستان آئے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب سے سپیشل ٹرین کے ذریعے لاہور آمد۔ لاہور ریلوے سٹیشن سے سخت سکیورٹی حصار میں سپیشل بسوں کے ذریعے گورودارہ ڈیرہ صاحب پہنچ گئے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران، پی آر او عامر حسین ہاشمی، انچارج سکیورٹی آفیسر من فضل ربی و دیگر افسران یاتریوں کے ہمراہ تھے۔ سکھ جتھہ لیڈر سردار جنگ سنگھ نے لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کرتے بتایا کہ پاکستان پرامن ملک ہے پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگ آباد ہیں جنہیں مکمل طور پر مذہبی آزادی حاصل اور انہیں حکومتی سطح پر نمائندگی حاصل ہے۔ لاہور بہت خوبصورت شہر ہے، یہاں کے کھانے بہت مشہور ہیں ہم یہاں قیام کے دوران گریٹر اقبال پاک شاہی قلعہ اور انارکلی کی سیر کریں گے۔ یاتریوں نے لاہور ریلوے سٹیشن اور بعدازاں گورو دوارہ ڈیرہ صاحب پہنچنے پر پاکستان زندہ باد کے نعرے۔ ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل نے میڈیا سے بات کرتے بتایا کہ سیکرٹری بورڈ کے ہدایت پر سکھ یاتریوں کے سکیورٹی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے اور اشیاء ضروریہ مہیا کی جا رہی ہیں۔ بذریعہ بس سفر کرنے کے دوران متروکہ وقف املاک بورڈ کی سیکورٹی سمیت ضلعی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سپیشل سکواڈ ہمراہ ہے۔ سکھ یاتری آج لاہورمیں ایک زوز قیام کریں گے، گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں اپنی مذہبی عبادات کریں گے۔ یاتری طے شدہ شیڈول کے مطابق کل 15جون کو گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کر کے لاہور واپس آئیں گے۔ مرکزی تقریب عید کے روز 16جون کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہو گی۔