این اے 62، سینیٹر چودھری تنویر کے صاحبزادے، 60 میں حنیف عباسی شیخ رشید کا مقابلہ کرینگے

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے راولپنڈی کی قومی اسمبلی کی 3 اور پنجاب اسمبلی نشستوں پر پارٹی ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں۔ اعلیٰ قیادت نے مسلم لیگی رہنما چوہدری سینیٹر تنویر خان کے تجویز کردہ امیدواروں کے حق میں فیصلہ دیدیا۔ بدھ کو جاتی امراء میں نوازشریف‘ شہبازشریف سے چوہدری تنویر خان اور بیرسٹر دانیال چوہدری کی اہم ملاقات ہوئی جس میں راولپنڈی کے پارٹی ٹکٹوں کے بارے میں فیصلے کئے گئے۔ اس طرح 10 سال بعد ایک بار پھر چوہدری تنویر خان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کی سیاست پر چھاگئے۔ این اے 62 راولپنڈی شہر سے چوہدری تنویر خان کے صاحبزادے بیرسٹر دانیال چوہدری اور دوسرے صاحبزادے اسامہ چوہدری کو پی پی 14 اور چوہدری تنویر کے قریبی رشتہ دار راجہ ارشد کو پی پی 11 سے پارٹی ٹکٹ دیدیا گیا۔ این اے 61 راولپنڈی کینٹ سے ملک ابرار کو تیسری بار پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ انکے بھائی ملک افتخار کو بھی پی پی 15 سے پارٹی ٹکٹ مل گیا ہے۔ این اے 60 سے حنیف عباسی اور این اے 62 سے بیرسٹر دانیال چوہدری کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ دانیال چودھری این اے 60 پر بھی پارٹی ٹکٹ کے امیدوار تھے لیکن انکو این اے 62 سے شیخ رشید احمد کا مقابلہ کرنے کیلئے کہا گیا ہے جبکہ حنیف عباسی این اے 60 سے شیخ رشید احمد کا مقابلہ کریں گے۔ پی پی ۔ 16 سے شیخ ارسلان حفیظ‘ پی پی17 سے راجہ حنیف اور پی پی ۔ 18 سے شکیل اعوان کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے سابق رکن ضیاء اﷲ شاہ اور چودھری ایاز کو نظر انداز کر دیاگیا ہے۔ ممتاز مسلم لیگی رہنما ناصر بٹ کے بھائی حافظ عبداﷲ بٹ‘ پیرزادہ راحت ‘حاجی پرویز کو نظر انداز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کیلئے جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیئے گئے ہیں انکو صوبائی اسمبلی کیلئے پارٹی امیدواروں کے بارے میں تحفظات ہیں۔ پارٹی کے رہنما پارٹی ٹکٹ تبدیل کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پی پی۔ 13 سے چودھری تنویر خان کے بھتیجے سرفراز افضل کو بھی پارٹی ٹکٹ دیدیا گیا۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شاہد خاقان عباسی این اے 53 میں عمران خان کے مدمقابل ہوں گے۔ چودھری نثار کی جگہ انجینئر قمر السلام اور سردار ممتاز کو ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد سے طارق فضل چودھری کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کے دیگر 2 امیدواروں کا حتمی فیصلہ آج شام تک ہوگا۔ جاوید ہاشمی ملتان، شہبازشریف لاہور اور سوات سے الیکشن لڑیں گے۔ رانا ثنا اللہ بھی قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ عابد شیرعلی، خواجہ آصف، خرم دستگیر، احسن اقبال، میاں جاوید لطیف، حمزہ شہبازشریف، ایاز صادق، پرویز ملک، خواجہ سعدرفیق اور روحیل اصغر بھی ٹکٹ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن