لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور میڈیا کمیٹی کے سربراہ مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ الیکشن 2018ء میں عوام کے سامنے وزیراعظم کے تین امیدوار ہیں جن میں شہبازشریف، عمران خان اور آصف زرداری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوازشریف اور شہباز شریف کے ساتھ مٹیاری، خیبرپی کے اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گئے ہیں جہاں مسلم لیگ (ن) کو عوام کی بے پناہ حمایت حاصل ہوتے دیکھی ہے۔ وہ ماڈل ٹائون ایم 180 میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب، سینیٹر پرویزرشید، راجہ ذوالقرنین ایڈووکیٹ اور رانا ظفر اقبال ایڈووکیٹ سمیت میڈیا ٹیم کے ممبران بھی موجود تھے۔ مشاہد حسین سید نے مزید کہا کہ اب الیکشن کو کوئی نہیں روک سکتا، شیڈول کے مطابق الیکشن ہوں گے اور مسلم لیگ (ن) ’’ٹکا‘‘ کر الیکشن جیتے گی۔ سازشیں اپنی جگہ 25 جولائی کو نتیجہ ہمارے حق میں آئے گا۔ عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔ 1988 میں کہا گیا کہ بے نظیر اقتدار میں نہیں آ سکتی اور الیکشن میں ہنگ پارٹی سامنے آئے گی لیکن نتیجہ کیا ہوا؟ کون وزیراعظم بنا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا لوگوں کا خیال تھا نوازشریف کو حکومت سے نکال دیا گیا تو وہ دبائو میں آ جائیں گے اور ان کی پارٹی کے لوگ بھاگ جائیں گے لیکن نواز شریف اور مریم نواز شریف کے100 پیشیاں بھگتنے کے باوجود ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا وہ ہر ماہ کمانڈ سٹاف کالج میں لیکچر دیتے ہیں۔ ہمارے لئے ایسا کوئی ایشو نہیں ہے، عوام میں اپنا بیانیہ لے کر جا رہے ہیں۔