اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)بجلی کے گردشی قرضے کے معا ملے پر سینٹ کی خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ نگران حکومت سے 20 جون کو گردشی قرضہ کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ بجلی پیدا کرنے والے اداروں اور بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کے ذمہ گردشی قرضوں کی الگ الگ تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے پیسکو پر خصوصی بریفنگ طلب کر لی گئی۔ سینٹ نے بجلی کے شعبہ کے غیر معمولی گردشی قرضہ کا نوٹس لے لیا ہے اور خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر شبلی فراز کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے ارکان میں سینیٹر سراج الحق، سینیٹر جہانزیب جمالدینی، سینیٹر عثمان کاکڑ، سینیٹر مولانا عطاء الرحمن، سینیٹر مصدق ملک و دیگر شامل ہیں۔ خبر رساں ادارے کو دستیاب ایجنڈے کے مطابق وزارت توانائی، نیپرا، پرائیویٹ پاور انفرمسٹرکچر بورڈ، سنٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی، این ٹی ڈی سی، پیپکو، حبکو کے الیکٹرک، سیف پاور فیسکو اور لیسکو کے حوالے سے الگ الگ گردشی قرضوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ایف بی آر کے حکام کو بھی طلب کیا گیا ہے اجلاس 20 جون کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو سے صوبے کے تمام فیڈرز کے نقصانات گرڈ سٹیشنوں کی موجودہ صورتحال اور بجلی چوری کے علاقوں میں امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بجلی کے گردشی قرضوں پر سینٹ کی خصوصی کمیٹی قائم‘ نگران حکومت سے تفصیلات طلب
Jun 14, 2018