لاہور: لاکھوں کے ڈاکے‘ بچیانہ میں عید کی شاپنگ کر کے آنے والا مزاحمت پر قتل

Jun 14, 2018

لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے گلشن راوی میں رحیم کی فیملی کو یر غما ل بنا کر 9لا کھ روپے، چوہنگ میں فیروزکی فیملی کو یر غما ل بنا کر 8لاکھ 35ہزار روپے، مصطفی ٹاؤن میں انور کی فیملی کو یرغمال بنا کر7لاکھ 50ہزار روپے، فیکٹری ایریا میں ذوالفقار کی فیملی کو یرغمال بنا کر 6لاکھ 75ہزار روپے، گارڈن ٹاؤن میں حبیب کے گھر میںگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5لاکھ روپے، سبزاہ زار کے علاقہ میں مصطفی کے گھر سے فیملی کو یرغمال بنا کر4لاکھ 25ہزار روپے، مصری شاہ میں نعمت علی کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی 5وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے فیصل ٹاؤن اور مغلپورہ سے دو کاریں جبکہ لٹن روڈ، گلبرگ، ڈیفنس بی، ہربنس پورہ، مستی گیٹ اور ہنجروال سے 6 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں بچیانہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بچوں کیلئے عید شاپنگ کرکے واپس آنے والے شخص کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا۔ ورثاء نے نعش سڑک پر رکھ کر احتجاجاً بچیانہ ننکانہ روڈ بلاک کر دیا۔ نواحی گائوں چک نمبر562گ ب کا رہائشی اکبر علی عرف امین اپنے بھائی اور بھتیجوں کے ہمراہ عید کی شاپنگ کرکے کار پر 2بجے رات واپس گائوں جارہا تھا کہ چک نمبر560گ ب سٹاپ کے قریب 6 ڈاکوئوں نے درخت سڑک کے آر پار گرا کر ناکہ لگا رکھا تھا اور انہیں زبردستی روک لیا جس پر اکبر علی نے مزاحمت کرتے ہوئے اپنا پسٹل نکالا ہی تھا کہ ڈاکوئوں نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر اکبر عرف امین موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جبکہ ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے پیدل فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ایس پی جڑانوالہ، ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ، ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ اور انچارج پولیس چوکی بچیانہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ورثاء اور اہل دیہہ نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پولیس کے قبضہ سے واپس لے کر بچیانہ ننکانہ روڈ پر رکھ کر احتجاجاً سڑک بلاک کردی۔ ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ ملک خالد نے مظاہرین کوانصاف کی یقین دہانی کرواتے ہوئے نعش کو سڑک سے اٹھا کر ضروری کارروائی کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ پہنچایا اورمقتول کے بھائی محمد اکرام بابر اے ایس آئی کی مدعیت میں 6 ڈاکوئوں کے خلاف زیر دفعہ 392ت پ 302ت پ مقدمہ نمبری 235/18 درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔

مزیدخبریں