لاہور (صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں نیب کے مزید گواہوں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کر لیا جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں نیب حکام کو حمزہ شہباز 26جون کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ جج نے شہباز شریف سے کہا میاں صاحب میری بات سنیں اس عدالت کو کسی کی پرواہ نہیںہم جو بھی فیصلہ کریں گے میرٹ پر کریں گے۔لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکینڈل کے کیسز کی سماعت ہوئی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف تقریباً دو ماہ بعد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو نیب حکام کی جانب سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ جبکہ آشیانہ اقبال ہائوسنگ اسکینڈل کیس کے دیگر ملزمان فواد حسن فواد اور احد خان چیمہ کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت عدالت کے جج جواد الحسن کی جانب سے نیب حکام سے استفار کیا گیا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں نامزد ملزم حمزہ شہباز کو کیوں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کیس میں جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔ عدالت نے نیب حکام کو ہدایت کی ہے حمزہ شہباز کو 26جون کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ دوران سماعت جب شہباز شریف کمرہ عدالت میں پہنچے تو انہوں نے پہلے سے عدالت میں موجود فواد حسن فواد اور احد خان چیمہ سے ملاقا ت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ دوران سماعت عدالت کے جج نے شہباز شریف سے کہا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں تو روسٹرم پر آسکتے ہیں۔ اس پر شہباز شریف روسٹرم پر آگئے اور عدالت کے جج سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں علاج کے لئے بیرون ملک رہا۔ میں نے کوئی فراڈ نہیں کیا۔ میں نے صدق دل سے قوم کی خدمت کی ہے۔ میں نے عوام کا پیسہ نہیں کھایا، ایمانداری سے دن رات کام کیا۔ قوم کی خدمت کی مجھ پر جھوٹے کیسز بنائے گئے۔ میں نے عوام کے کروڑوں روپے مختلف منصوبوںمیں بچائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آشیانہ کیس جھوٹ پر مبنی ہے۔ نیب حکام عدالت اور قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ میرے خلاف تمام کیسز جھوٹ پر مبنی ہیں۔ اس پر عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ میاں صاحب میری بات سنیں اس عدالت کو کسی کی پرواہ نہیںہم جو بھی فیصلہ کریں گے میرٹ پر کریں گے۔ اس کے بعد شہباز شریف کو عدالت سے جانے کی اجازت دے دی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 29جون تک ملتوی کرتے ہوئے آشیانہ ریفرنس میں نیب کے مزید گواہوں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کر لیا ہے۔
مقدمات جھوٹے ہیں: شہباز شریف، کسی کی پرواہ نہیں ، میرٹ پر فیصلہ کرینگے: احتساب عدالت
Jun 14, 2019