لاہور (نیوز رپورٹر، ایجنسیاں) نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں والدہ، شہبازشریف، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنمائوں نے ملاقات کی۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے بیانیے ووٹ کو عزت دوکی پالیسی کو اپنایا جائے، کیونکہ انتقامی سیاست کا کھلاڑی ہٹ وکٹ ہوچکا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم ناکامی کو ہی چھپا رہا ہے۔ سپورٹس مین کہنے والے کا حال بھی اب عوام ایسا ہی کریں گے جیسا ناقص کارکردگی پر عوام سٹیڈیم میں داخل ہوکر کھلاڑیوں کا کرتے ہیں۔ میں کوئی جوتشی، ولی یا پیر یا مستقبل کا حال بتانے والا تو نہیں لیکن نااہل عمران خان کو شرم آنی چاہئے وہ جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ انتقامی سیاست کا کھلاڑی عمران ہٹ وکٹ ہوچکا۔ وقت پورا ہوگیا، جلد انجام کو پہنچے گا۔ نوازشریف نے زرداری اور حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری پر کہا کہ بلاوجہ کی گرفتاریوں کی حقیقت عوام جانتے ہیں۔ نااہل عمران خان کا بھارتی وزیراعظم فون تک نہیں اٹھاتا جبکہ میرے دور میں 2 بھارتی وزیراعظم واجپائی اور نریندر مودی خود چل کر آئے۔ ہم نے آئی ایم ایف کو خیربادکہا۔ عمران خان کہتا تھا کہ قرضہ لیا تو خودکشی کر لوں گا۔ اب عوام کو مہنگائی کے ہاتھوں خودکشی کرنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔ ہم نے ڈالر کا ریٹ 108 روپے تک کنٹرول کیا اور پٹرول کی قیمت بھی کم کی۔ شہبازشریف نے پنجاب میں مثالی کام کیا جبکہ پشاور میں ابھی تک میٹرو نہیں بن سکی۔ جہانگیر ترین سمیت دیگر کرپٹ لوگ اس کی اپنی جماعت میں ہیں۔ عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں ان کا جلد کڑا احتساب ہوگا۔ ان کا بنی گالہ کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، امپائر کی انگلی کی بات کرنے والے عمران خان کو شرم آنی چاہیے، وہ کھیل کے دوران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے۔ جب کوئی خود اندر جانے والا ہوتا ہے تو وہ پہلے دوسرے کو اندر بھیجتا ہے، موجودہ حکومت بلاوجہ بڑے سیاستدانوں کو جیل بھیج رہی ہے۔