اسلام آباد (آئی این پی ) سپریم کورٹ نے ملزمان کی بریت کیخلاف مختاراں مائی کی نظرثانی درخواست خارج کر دی ،جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات کو کسی دوسرے کیس میں زیر غور لائیں گے۔ جمعرات کو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔جسٹس گلزار احمد نے مختاراں مائی کے وکیل اعتزاز احسن سے مکالمے میں کہا کہ آ پ کیس کو مختصر کریں ورنہ یہ دس سال یونہی پڑا رہے گا۔اعتزاز احسن نے کہا فیصلے میں لکھا گیا کہ مختاراں مائی پر زخم کا کوئی نشان نہیں۔ریکارڈ سے بتائوں گا کہ مختاراں مائی کے جسم پر زخم کے نشان تھے۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کیس میں معروضات لکھوا دیں کسی دوسرے کیس میں ان نکات کا جائزہ لیں گے۔ اپیل میں اٹھائے جانے والے نکات نظر ثانی درخواست میں نہیں لیئے جا سکتے۔ نظرثانی اپیل میں صرف فیصلے کی غلطی کا بتایا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے ملزمان کی بریت کیخلاف مختاراں مائی کی نظرثانی درخواست خارج کر دی ہے۔
سپریم کورٹ: ملزموں کی بریت کیخلاف مختاراں مائی کی نظرثانی درخواست خارج
Jun 14, 2019