لاہور (نیوز رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ذہنی کیفیت کی تفتیش کیلیے کمشن بنایا جائے۔ عمران خان نے دھمکی دی احتساب کروں گا، ہائی پاور کمشن بنانا حکومت کی مرضی ہے، کمشن کے سامنے جانے کے لیے تیار ہوں اور حقائق سامنے رکھوں گا تاہم موجودہ حکومت ہمارے منصوبے ہی مکمل کرے گی، 50 ہزار گھروں کے لیے حکومت کے پاس پیسے نہیں، ایک کروڑ نوکریوں کے بجائے 30ہزار نوکریاں جانے کا خدشہ ہے، وزرا کے مطابق ملکی مسائل کا حل 5ہزار لوگوں کو قتل کرنا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ آج صرف سیاست دانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے، ایک ہائی پاور کمیشن وزیراعظم کی ذہنی کیفیت کی تفتیش کرے، نیب کے ذریعے صرف ایک کام ہو رہا ہے جو بولے اس کو دبا دو، قتل کا ریمانڈ بھی 14 دن ہوتا ہے لیکن یہاں 2،2 اور 3،3 ہفتوں کے ریمانڈ لیے جا رہے ہیں، جہاں انصاف نہ ملتا ہو وہاں جمہوریت نہیں چلتی، نیب ریمانڈ کے قانون کو بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔ ہمارے دور میں نیلم جہلم منصوبے پر 500 ارب روپے خرچ ہوئے، پورے ملک میں بجلی کا جال بچھایا اور قرضوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، جبکہ 10 ہزار ارب کے قرضوں سے تمام ترقیاتی کام ہوئے، (ن) لیگ نے 9 ہزار ارب صوبوں کو دیا جب کہ 5 ہزار ارب سود کی ادائیگی پر دیا گیا، عمران خان فائلیں پڑھ لیتے تو رات 12 بجے تقریر نہ کرنا پڑتی۔ عمران خان کی جیلوں سے میں نہیں گبھراتا، وزیراعظم نے تقریر کرنا تھی تو دن کی روشنی میں کرتے، وزیراعظم نیب کا گوشوارہ بھریں تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا،10 مہینوں میں عمران خان نے ایک بھی دھاندلی یا کرپشن کا ثبوت نہیں دیا، عمران خان کسی بھی وزارت میں کرپشن کی ایک مثال بتا دیں، عمران خان نوازشریف کی حکومت میں کرپشن عوام کے سامنے رکھیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جس ملک میں سیاستدان کی ہتک ہو وہ ترقی نہیں کرتے، آج جمہوریت خطرے میں ہے، ہمارے پاس بھی فلمیں آئیں ہیں لیکن ہم نے کہا ہم یہ کام نہیں کرتے، چیئرمین نیب نے کہا وزرا کے خلاف کارروائی کی تو حکومت گر جائے گی، کیا اسمبلی کو حق نہیں کہ چیئرمین نیب کو بلا کر ویڈیو کے بارے پوچھے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اپنے بیس سال کے گوشوارے ویب سائٹ پر جاری کردیے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزرا بھی اپنے گوشوارے ویب سائٹ پر ڈال دیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ میں گزارش کرتا ہوں کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ وہی گوشوارہ بھرکر ویب سائٹ پر ڈالیں تاکہ پاکستان کے عوام دیکھیں کہ ان کے حالات کیا تھے اور اب کیا ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے دس ہزار ارب نے کیا کیا وہ سب کے سامنے رکھ دیا، عمران خان کے دس ہزار ارب کیا کرینگے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پانچ ہزار ارب سود کی ادائیگی میں دیا گیا، 3800 ارب روپے دفاع میں خرچ کیا گیا، اگر فائلیں پڑھ لیتے اور کسی سے پوچھ لیتے تو وزیراعظم کو رات بارہ بجے ٹی وی پر نہ آنا پڑتا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اگر دو سال مکمل کیے تو قرضوں میں دس ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔
گوشوارے ویب سائٹ پر ڈال دیئے وزیراعظم بھی ایسا کریں: شاہد خاقان
Jun 14, 2019