لندن(آئی این پی)سابق ٹیسٹ کرکٹر اور نامور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ کو امپائرز کے فیصلوں پر تنقید کرنے پر آئی سی سی کی جانب سے ای میلز جاری کی گئیں جس پر انہوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں امپائر کے غلط فیصلوں پر کمنٹیٹر کی جانب سے تنقید پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کی جانب سے انہیں ای ایل کے ذریعے تنقید نہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ آئی سی سی کی جانب سے ای میلز پروڈکشن کمپنی اور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ کو بھیجی گئیں جس میں کہا گیا تھا کہ مائیکل ہولڈنگ کمنٹری کے دوران امپائرز کے حوالے سے اپنے ذاتی خیالات اپنی حد تک ہی رکھیں اور تنقید سے گریز کریں۔مائیکل ہولڈنگ نے ای میلز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امپائر اگر فیفا آفیشلز ہوتے تو انہیں گھر بھیج دیا جاتا، اور ان امپائرز کو آئندہ کسی ورلڈ کپ میں ذمہ داری نہ دی جاتی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر مائیکل ہولڈنگ نے آئی سی سی کی سینسر شپ کی پالیسی پر سوال اٹھایا کہ کیا مقصد صرف یہ ہے کہ غلطی کے باوجود امپائروں کا تحفظ کیا جائے ؟ تنقید نہ کرنے کی درخواستیں کیوں کی جاتی ہیں ؟۔ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کرکٹ معیار بلند ہونا چاہیے۔دوسری جانب برطانوی اخبار کے مطابق مائیکل ہولڈنگ نے صرف انہیں ای میل بھیجنے پر سوال اٹھایا ہے جب کہ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ان کے مائیکل ہولڈنگ کے ساتھ معاملات حل ہوچکے ہیں، اور اب وہ ٹورنامنٹ کی کمنٹری بھی کریں گے۔یاد رہے کہ 6 جون کو آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ میں امپائر کے تین فیصلوں پر ریویو لیا گیا اور تینوں فیصلے غلط ثابت ہوئے جن میں سے 2 فیصلے کرس گیل کے خلاف دیے گئے تھے۔امپائر کے غلط فیصلوں پر کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
نامور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ آئی سی سی کی سنسرشپ پالیسی سے ناخوش
Jun 14, 2019