کراچی(نوائے وقت نیوز ) عدالت عالیہ سندھ کے اپیلٹ بینچ نے سانحہ صفورا کے ملزموں کی سزائے موت کے خلاف درخواست پر وزارت دفاع سے جواب طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ سانحہ صفورا کے ملزمان کی سزائے موت کے خلاف درخواست کی جمعرات کو سماعت ہوئی اس موقع پر وزارتِ دفاع اور وزارتِ داخلہ نے جواب جمع نہیں کرایا۔ عدالت نے برہمی کا اظہا ر کرتے ہوئے وزارتِ دفاع اور وزارتِ داخلہ کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ملزمان کی درخواست میں کہا گیا کہ ملزمان کے اہل خانہ کو مقدمات کی تفصیلات نہیں بتائی جارہی، سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں انہیں اپیل دائر کرنے کا موقع دیا جائے، ان سے اہل خانہ کی ملاقات کرائی جائے اور سزا پر عمل درآمد روکا جائے۔واضح رہے کہ فوجی عدالت نے سعد عزیز، طاہر منہاس، اظہر عشرت، حافظ ناصر اور اسد الرحمان کو سانحہ صفورا میں ملوث ہونے پر سزا موت سنائی ہے۔