اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے مشیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے ملاقات کی ہے جس میں بجٹ 2020-21ء کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزارت بحری امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر علی زیدی نے نئے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ ملکی صورتحال کے پیشِ نظر نئے ٹیکس نہ لگانا قابل ستائش عمل ہے۔ موجودہ حکومت ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔کورونا سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔ علی زیدی نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت نے لوگوں کی براہ راست اور بالواستہ مالی معاونت کی۔بجٹ میں اخراجات کو کم کرکے عوام کی فلاح کا سوچا گیا ہے۔ بجٹ میں لگثری درآمدات پر ٹیکس لگایا گیا ہے۔ پاکستانی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح کم کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کے ریونیو میں17 فی صد اضافہ گڈ گورننس کی گواہی دیتا ہے۔ مشکل حالات میں یہ بجٹ مثالی ریلیف فراہم کرے گا۔کاروباری رینکنگ بہتر ہونے سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھے گی۔
وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے مشیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی ملاقات
Jun 14, 2020