گلگت (نامہ نگار)گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت رواں ماہ جون کی 25تاریخ اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرکے اقتدار سے فارغ ہورہی ہے۔صدارتی آرڈننس کے تحت اگلے انتخابات کے لئے نگران حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لئے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کے مابین نگران وزیر اعلیٰ کیلئے حتمی مشاورت ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے پارلیمانی پارٹی کی مشاورت سے گلگت بلتستان کے تینوں ریجن سے اہل اور قابل 13 ناموں کو نگران وزیر اعلیٰ کیلئے تحریری طور پر پیش کیا۔ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع خان نے بھی 13 ناموں کو تحریری طور پر نگران وزیر اعلیٰ کیلئے پیش کیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی جانب سے پیش کئے جانے والوں میں جسٹس (ر) صاحب خان، جسٹس (ر) مظفر علی، جسٹس (ر) محمد یعقوب، جسٹس (ر) عمر خان، شاہد اللہ بیگ (ریٹائرڈ فیڈرل سیکریٹری)، آئی جی پی (ر) افضل شگری، ڈی آئی جی (ر) میر افضل، دیدار علی (سابق ممبر گلگت بلتستان اسمبلی)، برگیڈئر (ر) مسعود احمد، سینئر صحافی ایمان شاہ، عبدالحمید بلغار(ر) چیف پلاننگ، مفتی محمد صادق (دینی سکالر)اور ڈاکٹر محمد جلیل (ر) ڈائریکٹر ہیلتھ گلگت بلتستان جبکہ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے دی جانے والوں میں آئی جی پی (ر) افضل شگری، دیدار علی (سابق ممبر گلگت بلتستان اسمبلی)، شیخ ناصر زمانی، عدیل مراد خان، اسد اللہ ایڈووکیٹ، محمد علی خان، راجہ ناظم خان، فوزیہ سلیم، ہاشم خان ،محمد علی قائد، نسیم گلگتی، برگیڈئر (ر) محمد حسین اور برگیڈئر (ر) اقبال شامل ہیں۔ امید ہے وفاقی حکومت وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے دیئے جانے والے ناموں میں سے نگران وزیر اعلیٰ کا انتخاب کریگی تاکہ جمہوری عمل بہتر انداز میں آگے بڑھے اور صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہوسکے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے لیے نگران حکومت کے قیام کی جانب پیش رفت جاری ہے اور حکومت و اپوزیشن کی جانب سے نگران وزیر اعلی کے لئے 2 درجن سے زائد نام تجویز کئے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں نگران وزیر اعلی کے لئے حکومت و اپوزیشن کی جانب سے 26 نام تجویز کئے گئے ہیں۔ وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمان نے نگران وزیر اعلی کے لئے 13 نام تجویز کئے ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈر کیپٹن شفیع نے بھی 13 نام تجویز کئے ہیں۔ نگراں وزیر اعلی کیلئے مجوزہ ناموں میں سابق آئی جی پولیس افضل شگری اور سابق وفاقی سیکرٹری شاہد اللہ بیگ سمیت سابق ججز، بیوروکریٹس، سیاسی اور صحافت سے وابستہ افراد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں موجودہ حکومت کی آئینی مدت 26 جون کو ختم ہورہی ہے۔ حکومت و اپوزیشن کے مابین نگران وزیر اعلی کے لئے اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں وزیراعظم کسی کو بھی نامزد کرسکتے ہیں۔
گلگت بلتستان ‘لیگی حکومت 25جون کو ختم ‘نگران وزیراعلیٰ کیلئے 2 درجن سے زائد نام
Jun 14, 2020