لاہور(صباح نیوز) صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے علاج کے لیے ایکٹیمرا انجکشن کا ٹرائل شروع کر دیا گیا ۔اس ضمن میں ابتدائی طور پر ہسپتا لوں کو 115 مریضوں پر ایکٹیمرا انجکشن کے ٹرائل کی منظوری دے دی گئی جبکہ ٹرائل کے لیے ہسپتا لوں کو انجکشن کی کھیپ بھی بھجوا دی گئی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پہلے مرحلہ میں ہسپتا لوں کو چار سو ساٹھ انجکشنز بھجوائے گئے جبکہ ٹرائل کے لیے چنے گئے9ہسپتالوں میں سے 6ہسپتا ل لاہور میں ہیں۔لاہور کے میو ہسپتا ل، جنرل ہسپتا ل، سروسز ہسپتا ل اور پی کے ایل آئی میں زیر علاج مریضوں پر ٹرائل کیا جائے گا جبکہ جناح ہسپتا ل اور گنگا رام ہسپتا ل میں بھی مریضوں پر بطور ٹرائل ڈرگ ایکٹیمرا استعمال کیا جائے گا۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور نشتر ہسپتال ملتان کو بھی انجکشن بھجوائے گئے ۔میو ہسپتال میں زیر علاج پندرہ مریضوں کے لیے پچاس انجکشن بھجوائے گئے، جنرل ہسپتال میں زیر علاج بارہ مریضوں کے لیے 48انجکشن بھجوائے گئے، پی کے ایل آئی میں بھی بارہ مریضوں کے لیے اڑتالیس انجکشن بھجوائے گئے ۔لاہور کے سروسز ہسپتال میں دس مریضوں کے لیے چالیس اور جناح میں سات مریضوں کے لیے اٹھائیس انجکشن بھجوائے گئے اور سر گنگا رام ہسپتال میں پانچ مریضوں کے لیے بیس انجکشن بھجوائے گئے۔راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے ہسپتالوں میں زیر اعلاج اٹھارہ اٹھارہ مریضوں کے لیے بہتر بہتر انجکشن ارسال کیے گئے۔
لاہور:کرونا وائرس کے علاج کیلئے ایکٹیمرا انجکشن کا ٹرائل شروع
Jun 14, 2020