کرونا : مزید 110اموات، 6682نئے کیس، یوسف گیلانی، شاہد آفریدی، تہمینہ درانی کے ٹیسٹ پازیٹو

Jun 14, 2020

اسلام آباد ، لاہور، گوجرانوالہ (بی بی سی +خصوصی نمائندہ+نوائے وقت نیوز+نامہ نگاران) پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 195 جبکہ اموات2605 تک پہنچ گئیں۔ شاہد آفریدی، یوسف رضا گیلانی اور تہمینہ درانی کے کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ملک بھر میں اب تک 6 ہزار 682 نئے کیسز اور110 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 262 نئے کیسز اور 23 اموات کی تصدیق ہوگئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 51 ہزار 518 تک پہنچ گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 اموات بھی ہوئیں، جس سے یہ تعداد 816 ہوگئیں۔ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 2705 نئے کیسز اور 48 اموات کا اضافہ ہوا۔ سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 2705 نئے مریض آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 50 ہزار 87 تک پہنچ گئی۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ صوبے میں ایک روز کے دوران مزید 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 890 سے بڑھ کر 938 ہوگئی۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کرونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور مزید 464 نئے کیسز 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6699 سے بڑھ کر 7 ہزار 163 ہوگئی۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں مزید 6 افراد کا انتقال ہوا جس سے اموات کی تعداد 65 سے بڑھ کر 71 تک پہنچ گئی۔ محکمہ صحت خیبر پی کے نے کرونا کے مزید 1035 کیسز کی تصدیق کی جو صوبے میں ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس اضافے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 450 ہوگئی۔ صوبے میں مزید 19 افراد وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 661 ہوچکی ہے۔ جاں بحق ہونے والے ان 19 مریضوں میں سے 5 کی پشاور، 4 کی نوشہرہ، کوہاٹ اور اورکزئی میں 2، 2 جبکہ ہنگو، مالاکنڈ، مردان، لوئر دیر، مہمند اور بٹگرام میں ایک، ایک کی اموات واقع ہوئیں۔ بلوچستان میں 162 نئے کیسز اور 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے مزید 14 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز ایک ہزار 30 سے بڑھ کر ایک ہزار 44 ہوگئے۔مزید یہ کے علاقے میں مزید ایک موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 15 سے بڑھ کر 16 ہوگئی۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر جو اب تک کرونا وائرس سے سب سے کم متاثر علاقہ ہے وہاں 40 نئے کیسز اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک کرونا وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 534 سے بڑھ کر 574 ہوگئی۔ ساتھ ہی وہاں ایک موت کی تصدیق کی گئی جس سے یہ تعداد 10 سے بڑھ کر 11 ہوگئی۔ ایک روز میں ریکارڈ 9 ہزار 809 افراد صحتیاب ہوگئے۔ ان نئے صحتیاب ہونے والوں کے بعد ملک میں اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 40 ہزار 247 سے بڑھ کر 50 ہزار 56 تک پہنچ گئی۔ حکام نے ملک بھر میں کرونا وائرس کے ہاٹ سپاٹ کو شناخت کرتے ہوئے 1300 مقامات کو سیل کردیا ہے تاکہ نئے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ 1300 ہاٹ سپاٹ سیل کرنے کا فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب گزشتہ 24گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 6ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن ملک بھر میں وائرس کے ہاٹ سپاٹ میں نافذ کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں 844 مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ سندھ میں سب سے زیادہ کیسز کے باوجود صرف 7 علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ خیبر پی کے کے 414 علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے، آزاد جموں و کشمیر کے 12 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔گلگت بلتستان کے بھی پانچ علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد کے کچھ رہائشی علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر محمد حمزہ شفقت نے کہا کہ سیکٹر جی-9/2 اور جی-9/3 کو سیل کرنے کا فیصلہ ضلعی مرکز صحت کے مشورے سے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کوضروری اشیا کی خریداری کے علاوہ لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ شادی بیاہ، تقریبات، اجتماعات، مجالس اور مساجد میں اجتماع سمیت کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں ہو گی۔ عوام کی حفاظت اور کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پولیس، فوج اور رینجرز کو ان علاقوں کا گھیراؤ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور کے واپڈا ہاؤس کے 30 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی‘ واپڈا ہاؤس کو 9 دن کیلئے مکمل طو رپر بند کر دیا گیا واپڈا ملازمین کے ٹیسٹ کروانے پر 30 ملازمین کے رزلٹ مثبت آئے۔ واپڈا ہاؤس کو 21 جون تک بند کیا گیا سیکرٹری واپڈا نے نوٹفیکیشن جاری کر دیا تمام ضروری کام اور اہم نوعیت کی میٹنگز‘ سٹی ویو آفس میں ہونگی مراسلہ کے مطابق واپڈا ہاؤس میں تعینات تمام افسران اپنے گھروں سے کام کریں گے اور فون کال پر دستیاب ہونگے ۔لاہور میو ہسپتال میں کرونا کے باعث 4 معمر خواتین سمیت 14 افراد دم توڑ گئے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کی ایدھی کرونا ٹاسک فورس نے میتوں کو ان کے آبائی قبرستان منتقل کردیا۔ ایدھی کے مطابق شاھدرہ لاہور کا رہائشی 60 سالہ حاکم فیاض، بھٹہ چوک لاہور کی رہائشی 73 سالہ آسیہ بی بی، باغبانپورہ لاہور کا رہائشی 56 سالہ خاوراقبال، ٹاؤن شپ کی رہائشی 66 سالہ کنیز بی بی میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھی۔ ایدھی رضاکاروں نے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ٹاؤن شپ قبرستان میں تدفین کی گئی۔ لاہور کا رہائشی 42 سالہ افضل ‘ اسلام پورہ لاہور کے رہائشی 67 سالہ توحید اختر ‘ شیخوپورہ کی رہائشی 73 سالہ مجیدہ بی بی‘ واپڈا ٹاؤن لاہور کی رہائشی 75 سالہ صدیق واپڈا ٹاؤن لاہور کی رہائشی 65 سالہ سکینہ بی بی سیالکوٹ کا رہائشی 64 سالہ ذوالفقار احمد حمید، لاہور چاہ میراں کا رہائشی 50 سالہ عبد السعید میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھا جو دم توڑ گیا۔ ساہیوال میں گورنمنٹ قیوم ہسپتال کرونا وارڈ میں ایک اور کرونا کی مریضہ 35 سالہ عمارہ افضل دم توڑ گئی۔ پسرورشہر میں خونی مرض کرونا کے وار جاری موذی مرض دو مزید جانیں نگل گیا۔ محلہ رحمان پورہ پسرور کا 33 سالہ محنت کش کرونا میں مبتلا ہوکر انتقال کر گیا۔ گوجرانوالہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 218 نئے مریض سامنے آ گئے ریجن میں کرونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد5503 ہو گئی فوکل پرسن محکمہ صحت ڈاکٹر نصرت کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان سات افراد جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر 210 افراد کرونا کی تشخیص ہوئی ۔دنیا بھر میں کرونا سے اموات کی تعداد 4لاکھ 28ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 77لاکھ 32ہزار 485ہو گئی ،کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعد 39لاکھ 56ہزار سے زائد ہے۔ دنیا بھرمیں کرونا سے متاثرہ 53ہزار 887افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 32لاکھ 94ہزار 90افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔امریکہ میں 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 403اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں 21 لاکھ 16ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ برازیل میں گذشتہ 24گھنٹے کے دوران مزید 104افراد موت کا شکار ہوئے۔ برازیل میں کیسز کی تعداد 8لاکھ 29ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ 41ہزار نو سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔روس میں کرونا سے مزید 183افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد روس میں اموات کی تعداد 6ہزار 7سو سے تجاوز کر گئی۔ روس میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5لاکھ11ہزار سے بڑھ گئی ۔برطانیہ میں کرونا نے مزید 202افراد کی جان لے لی جس کے بعد اموات کی تعداد 41ہزار 481سو سے بڑھ گئی جبکہ دو لاکھ 92ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔اٹلی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34ہزار 2سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دو لاکھ 36ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8ہزار 8سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 3لاکھ 9ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جرمنی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8ہزار 8سو سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 87ہزارسے تجاوز کرگئی ۔پیرو میں میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 6ہزار تین سو سے زائد جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد دو لاکھ 20ہزار سے تجاوز کرگئی ۔

مزیدخبریں