لاہور: وزیرخوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چینی کی فی کلوقیمت 70روپے کے فیصلے پرعملدرآمد ہوگا، پنجاب بھرمیں انتظامیہ کوواضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ چینی کی قیمت میں نمایاں کمی کی جارہی ہے، وزیراعظم قیمتوں میں استحکام کےلئے متحرک ہیں اور کسی کوبنیادی اشیاخوردونوش کی قیمتوں میں بے جا اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ چینی کی طرح آٹے کی قیمتیں بھی مستحکم رکھنے کی کوشش کریں گے ۔ شہریوں کوتمام شعبوں میں خاطرخواہ ریلیف حاصل ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ چینی کے نام پرمنافع کمانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے ۔ اپوزیشن کوچینی کی قیمتوں میں کمی کوسراہنا چاہئے۔
گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے بھی انتظامیہ کو سستے داموں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے متحرک کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دکاندار صارفین کو 70 روپے فی کلو کے حساب سے چینی فروخت کریں گے،شوگر ملز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ دکانوں پر متفقہ قیمت پر چینی کی فروخت کو ممکن بنانے اور بلاتعطل سپلائی کیلئے مکمل تعاون کریں، دکانوں کی نشاندہی اور ان پر متفقہ قیمت پر چینی کی دستیابی کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرزکو ہدایات جاری کردی گئی ہیں،چینی کی بلا تعطل سپلائی کیلئے محکمہ خوراک تمام شوگر ملز کو متعلقہ اضلاع الاٹ کرے گا،کسی بھی ضلع میں منظور شدہ قیمت سے زائد پر چینی کی فروخت برداشت نہیں کریں گے، عوام کو ملنے والے ریلیف میں انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔
چینی 70 روپے فی کلوکے فیصلے پرعمل درآمد ہوگا : وزیرخوراک پنجاب
Jun 14, 2020 | 14:36