اسلام آباد ( عبداللہ شاد) بھارت کی تین اہم ریاستوں اترپردیش، پنجاب اور اتراکھنڈ میں اگلے سال انتخابات ہونے والے ہیں۔ پنجاب کے انتخابات کیلئے شرومنی اکالی دل اور بہوجن سماج پارٹی نے 25 سال بعد دوبارہ اتحاد کر لیا ہے، 1996 میں دونوں پارٹیوں نے مل کر پنجاب کی 13 میں سے 11 لوک سبھا سیٹیں حاصل کی تھیں۔ بی ایس پی پنجاب میں 117 میں سے 20 نشستوں پر چنائو لڑے گی جہاں دلت اکثریت ہے۔ ان میں سے آٹھ دوآبہ دلت اکثریتی سیٹیں، 7 مالوا جبکہ 5 ماجھا ریجن کی ہونگی۔ بھارتی پنجاب میں اچھوتوں کی شرح 32 فیصد کے قریب ہے اس لئے شرومنی اکالی دل اور بہوجن سماج پارٹی کے اتحاد کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ شرومنی اکالی دل بی جے پی کی سب سے پرانی اتحادی جماعت تھی جو 1997 سے اس کیساتھ مل کر الیکشن لڑتی آ رہی تھی، شرومنی اکالی دل بی جے پی کو 23 نشستیں فراہم کرتی تھی مگر ستمبر میں کسان احتجاج کے نتیجے میں اکالی دل نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو خیر باد کہہ دیا تھا۔