پاکستان‘ سعودی عرب کی خواہش ہے افغانستان میں خونریزی بند ہو: طاہر اشرفی

لاہور(خصوصی نامہ نگار) نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نجی دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی طرف سے حج سے متعلق فیصلہ کی تائید کرتا ہے۔ کرونا کی بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے مناسب اور درست فیصلہ کیا گیا۔ سعودی عرب کی قیادت اور عوام نے ہمیشہ حجاج اور زائرین کی خدمت کی ہے۔ شریعت اسلامیہ اضطراری حالت میں اس طرح کے فیصلے کی اجازت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں 60 ہزار حجاج کیلئے انتظامات کرنا بھی سعودی حکومت کے بہترین کارناموں میں سے ایک ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی وزارت مذہبی امور اور سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے درمیان رابطہ موجود ہے اور سعودی عرب نے ہمیشہ حجاج و زائرین کے معاملہ میں امت مسلمہ کے قائدین اور اسلامی ممالک کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب کے تعاون سے پاک افغان علماء کانفرنس قطعی طور پر افغانستان کے کسی فریق کی حمایت یا مخالفت کیلئے نہیں بلکہ افغانستان میں امن کیلئے تھی۔ افغانستان کا امن پاکستان اور اس خطہ کا امن ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کی ایک ہی خواہش ہے کہ اس خطہ میںبہنے والا خون بند ہو۔ ایک اور سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوریاں پیدا کرنے والوں کی سازشیں ناکام ہوئیں۔ دونوں ممالک گذشتہ دس سالوں سے زیادہ قریب ہے اور یہی وزیراعظم عمران خان کی پالیسی اور سوچ ہے۔

ای پیپر دی نیشن