ملتان (سپیشل رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب‘ خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاھین، نتاشہ دولتانہ، ایم این اے نواب زادہ افتخار احمد خان نے وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔ وفاقی بجٹ الفاظ کا گھورک دھندہ ہے تقریبا تین سال سے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ عوام پریشان حکومت بجٹ پر شادیانے بجا رہی ہے۔ عمران خان کی حکومت نے عام آدمی کے استعمال کی کوئی ایسی شے نہیں چھوڑی جس پر ٹیکس نہ لگایا ہو جبکہ بجٹ میں ہر فون کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پر ٹیکس لگانے کے کے بعد اگلے دن اسے فوری واپس لینا حکومتی بوکھلاہٹ کا ایک ثبوت ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ میں ٹیکسوں کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کے ظالمانہ اقدام کو مسترد کرتی ہے معاشی ماہرین بھی کہہ رہے ہیں کہ وفاقی بجٹ الفاظ کا ایسا ہیر پھیر ہے۔ گاڑیاں سستی کرنے کا ڈرامہ یا بنک سے رقم نکلوانے سے ٹیکس معاف کرنے سے غریب کو کیا غرض ہے کیونکہ غریب کے پاس تو دو وقت کی روٹی کیلئے پیسے پورے کرنا ناممکن ہے۔ پیپلزپارٹی اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عمران خان کے عوام دشمن معاشی اقدامات کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کرتی رہے گی اور اس سلسلہ میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز پیپلزپارٹی بہت جلد کر رہی ہے۔