آندھی ، بارش، دیواریں منہدم، فیصل آباد 2افراد، راولپنڈی میں 3کمسن بھائی جاں بحق

Jun 14, 2021

لاہور‘ راولپنڈی/اسلام آباد‘ ننکانہ صاحب‘ بدوملہی‘ ‘ ملتان (سپیشل رپورٹر + اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آن لائن + علاقائی نمائندوں سے + اے پی پی) اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔ کراچی میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ننکانہ صاحب‘ ساہیوال‘ کسووال‘ بھکر‘ سرگودھا‘ کمالیہ‘ بدوملہی میں بھی بادل برسے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بارش ژالہ باری سے ہر طرف جل تھل ایک ہو گیا۔ راولپنڈی میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش برستی رہی۔ لاہور اور نواحی علاقوں میں بارش اور ٹھنڈی ہوائوں نے موسم دلفریب بنا دیا۔ کاہنہ، قصور اور نکانہ کے علاوہ نارووال، ظفروال اور گردونواح میں بھی چھاجوں چھاج مینہ برسا۔ ڈسکہ، مریدکے اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ بادل برسے۔ گوجرہ، چنیوٹ،  شاہ کوٹ، سانگلہ ہل، قائد آباد اور گردونواح میں بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ کندیاں، چشمہ اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے بادل برسنے کی نوید سنائی ہے۔ فیصل آباد سمندری روڈ سے ملحقہ محلہ فاروق آباد میں واقع فیکٹری کی دیوار تیز آندھی کی وجہ سے گر گئی۔ دیوار کے ملبے تلے دب کر گلی میں گزرنے والے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق سمندری روڈ کوکا کولا فیکٹری کے عقب میں واقع الفا فیبرکس کی دیوار گرنے سے موٹر سائیکل سوار دو راہگیر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ٹیم نے شناخت نہ ہونے پر نعشیں پولیس کے حوالے کر دیں۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تیز آندھی کے باعث مین سوڑی گلی کے باہر بجلی کا پول گر گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متعدد مقامات پر بجلی کے ٹیڑھے پول گرنے کے واقعات پیش آئے۔ علاقے کی بجلی بند ہو گئی۔کسووال سے نامہ نگار کے مطابق تیز ہوائوں اور بارش کے باعث بجلی کے کھمبے زمین بوس، تاریں ٹوٹ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں 13 چودہ ایل میں تیز ہوائوں اور بارش کے باعث سفیدے کے درخت ٹوٹ کر بجلی کی تاروں پر گر گئے۔ تاریں ٹوٹ گئیں اور دو کھمبے  بھی  مین روڈ بند ہونے سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق بھکر شہر سمیت گردونواح میں آنے والی تیز آندھی نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ درجہ حرارت میں کمی کے بعد گرمی کے ستائے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ مختلف مقامات پر ہلکی سی بارش بھی ہوئی۔ راحت مہیا کی۔ تیز آندھی سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ فیڈر ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ تحصیل مینکرہ کے ریگستان میں چلنے والی تیز آندھی نے ریت کے طوفان کا سماں پیدا کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نواحی علاقہ میں پختہ دیوارگرنے سے 2 کمسن بچے زخمی ہوگئے ہیں۔ بدومہلی  سے نامہ نگار ے مطابق بدوملہی اور گودونواح میں شدید آندھی چلنے کے ساتھ ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ درخت جڑوں  سے اکھڑ گئے اور سائن بورڈ بھی گر گئے۔  ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ  بچیکی  روڈ پر واقع کوٹ حسین خان میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے ملبے تب دب کر 40  سالہ خاتون مختاراں بی بی اور اس کا 15  سالہ بیٹا نواز شدید زخمی ہوگئے۔  سرگودھا  سے نمائندہ خصوصی کے مطابق  سرگودھا سمیت ریجن بھر میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جس سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور بوسیدہ دیوار گرنے سے تین بچے زخمی ہوگئے۔ جن کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری  رہی۔  کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق  کمالیہ شہر  اور گردونواح میں ہلکی بوندا باندی، گرمی کی شدت میں کمی، دن بھر ہوائیں چلتی رہیں۔ ملتان سے اے پی پی کے مطابق میپکو ریجن کے زیر انتظام علاقوں میں شدید آندھی  کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔  میپکو ترجمان کے مطابق میپکو کے 9 آپریشن سرکلوں کے 95  فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔ متاثرہ علاقوں میں ملتان، خانیوال، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، وہاڑی،  ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم  یار خان  کے فیڈرز شامل ہیں۔راولپنڈی/ اسلام آباد کے اپنے سٹاف رپورٹر سے موصولہ خبر کے مطابق اتوار کو رات گئے شدید بارش، طوفان اور ژالہ باری سے سرائے خربوزہ ڈھوک عباسی میں دیوار گرگئی جس سے تین کمسن بھائی دس سالہ کاشف اعجاز، آٹھ سالہ ثاقب اعجاز اور چھ سالہ سہیل اعجاز جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا والد محمد اعجازخان اور چار سالہ بہن عائشہ اعجاز زخمی ہوگئے۔ ادھر راولپنڈی میں چکلالہ ائرپورٹ کے قریب شاہین ٹائون میں شدید طوفان کے دوران عمارت گر گئی جس میں سوئے چار افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں شدید زخمی حالت میں بینظیر بھٹو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق آج کشمیر‘ بالائی/ وسطی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

مزیدخبریں