کشمیری نوجوانوں شہادت، بھارت فسطائی ریاست کے طور پر سامنے آ گیا: سردار مسعود 

مظفرآباد (نیٹ نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ آزادی وحریت کی تحریکوں کو کبھی ظلم و جبر سے نہیں دبایا جا سکا۔ تاریخ کا یہ بھی سبق ہے کہ انصاف مانگنے والی آوازوں کو طاقت کے ذریعے خاموش کرنے والی ریاستیں زیادہ دیر تک اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے نام نہاد جمہوری و سیکولرازم کے لبادے کو اپنے ہاتھوں سے تار تار کر کے ایک فسطائی ریاست کی حیثیت سے سامنے آچکا ہے۔ اتوار کے روز اپنے ایک خصوصی بیان میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں سوپور قصبہ میں تین نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ان نوجوانوں کی نماز جنازہ میں تمام پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت اندھے ریاستی جبر کے باوجود کشمیری عوام پوری قوت کے ساتھ جموں وکشمیر کی تحریک آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سردار مسعود خان نے دہلی کے حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ اب بھی اْن کے لئے وقت ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو حق وانصاف پر مبنی حق خودارادیت دے کر خطے کے امن اور اپنے ریاستی وجود کو برقرار رکھ لیں۔ بصورت دیگر آج مقبوضہ جموں وکشمیر میں جو صورتحال ہے وہ آسام، میزورام، بہار اور مغربی بنگال میں بھی نظر آئے گی اور اگر ایسا ہوا تو اسے سنبھالنا بھارتی حکمرانوں کے بس میں نہیں ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن