اسلام آباد (خبر نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتقام نہیں بلکہ صاف اور شفاف احتساب پر یقین رکھتے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں البدر پارک بنانے پر خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیر اعظم کے حکم پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کو مسلم لیگ ن نے بگاڑا اور اب بھارت چاہتا ہے کلبھوشن کو قونصلر رسائی نہ دی جائے ، ہم عالمی عدالت کی سفارشات پر عملدرآمد کر رہے ہیں جبکہ بھارت چاہتا ہے پاکستان کو دوبارہ عالمی عدالت میں لے جائے، امید ہے اپوزیشن ناسمجھی کا مظاہرہ نہیں کرے گی اور اپوزیشن ارکان بھارت کی چالوں کو پہچانیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم انتقام نہیں بلکہ صاف اور شفاف احتساب پر یقین رکھتے ہیں ، ہم کسی کی بلاوجہ پگڑی اچھالنے اور احتساب کے قائل نہیں ، احتساب کے عمل سے گزرنے والے کو صفائی کا موقع دیا جائے گا،یہ بالکل واضح ہے کہ عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کو سامنے رکھتے ہوئے سعودی حکومت نے صرف مقامی لوگوں کو حج کی اجازت دی ہے۔ انہوںنے کہا کہ منی بجٹ نہیں لا رہے ہیں اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پہلے بجٹ کتاب کا مطالعہ کریں پھرتنقید کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی آئی اے چیف کا دورہ کوئی خفیہ نہیں اور نہ یہ ان کا پہلا یا آخری دورہ ہے تاہم پاکستان کا امریکہ کو اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جی سیون ممالک ڈویلپمنٹ میں انویسمنٹ کرنا چاہتے ہیں تو اچھی بات ہے اور وہ اقدام جن سے ترقی پذیر ممالک میں ڈوپلپمنٹ ہو اس سے ہمیں خوشی ہو گی۔ ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے منصوبے کے اقدام سے چین کو کوئی خطرہ نہیں۔