اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران رہنمائوں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور عرب امارات کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع تر امکانات کو دیکھتے ہوئے، دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ علاوہ ازیں مصر کے سفیر طارق دہروگ نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دوسری جانب وزیرخارجہ آج منگل کو ایران کا 2 روزہ دورہ کریں گے۔ وزیرخارجہ ایرانی ہم منصب کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔ وزیرخارجہ ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ دوطرفہ تعلقات‘ سکیورٹی‘ تجارت سمیت مختلف موضوعات پر بات کریںگے۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران کے دورہ روس کو عدم اعتماد سے جوڑنا غلط فہمی ہے روس یوکرائن تنازعہ میں ہم بھی غیر جانبدار ہیں اس معاملے پر پاکستان کل بھی نیوٹرل تھا آج بھی ہے جنگ سے پہلے پاکستان یوکرائن سے کھاد‘ گندم اور دیگر غذائی اجناس خرید رہا تھا جنگ کی وجہ سے ہمیں مزید فوڈ سکیورٹی کا چیلنج درپیش ہے ہم چاہتے ہیں روس یوکرائن تنازعہ سفارتکاری اور بات چیت سے حل ہو ہم چاہتے ہیں یہ جنگ جلد ختم ہو‘ پاک ایران گیس پائپ لائن کی بنیاد زرداری نے رکھی تھی منصوبے میں پابندیوں کو مدنظر رکھ کر مثبت پیشرفت چاہتے ہیں پاک ایران تعلقات میں کافی گنجائش موجود ہے۔
عمران کے دورہ روس کو عدم اعتماد سے جوڑنا غلط فہمی : بلاول ، سفیر امارات کی ملاقات
Jun 14, 2022