بھارت کے جابرانہ اقدامات کا مقصد مسلمانوں کو دبانا ، شہباز شریف ، لوڈ شیڈنگ میں کمی کی ہدایت 

اسلام آباد (نامہ نگار +خبر نگارخصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بھارت جابرانہ ہتھکنڈوں سے مسلمانوں کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد مسلمانوں کو سیاسی‘ معاشی اور ثقافتی لحاظ سے دیوار سے لگانا ہے۔ بھارت کا اصل جمہوری چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔ دریں اثناء توانائی کی صورتحال پر اپنی زیر صدارت اجلاس میں  وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی بجلی لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہوئی ہے، یکم جولائی سے بجلی کی روزانہ لوڈشیڈنگ 2 گھنٹے تک ہوجائے گی، بجلی کے بند کارخانوں کو چلایا جارہا ہے، رواں ماہ جون میں 5 ہزار 111 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی، 15 جون تک 5 پاور پلانٹس کے ذریعے 2871 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی، 16 تا 24 جون تک 600 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 16 تا 24 جون تک 3 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو گی، 25 سے 29 جون تک 1040 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی، 25 سے 29 جون تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ اڑھائی گھنٹے ہوگی، 30 جون سے 600 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی‘ لوڈ شیڈنگ 2 گھنٹے تک ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن