بھارت میں اسلاموفوبیا پر او آئی سی  اور وزیر خارجہ پاکستان کی فکرمندی

Jun 14, 2022


وزیر خارجہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طلحٰہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ میں بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت میں مسلم مخالف کارروائیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بھارتی مسلمانوں پر تشدد کے مسلسل واقعات اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نمٹنے کیلئے اجتمائی اقدامات کرنے ہونگے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں سرچ اپریشن کے دوران بھارتی قابض فوج نے مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ 
عالمی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی سے حوصلہ پا کر بھارت جس غنڈہ گردی پر اترا ہوا ہے‘ اس سے بھارتی مسلمان ہی نہیں‘  بلکہ پورا خطہ اسکی بدمعاشی کی زد میں آچکا ہے۔ بھارتی حکومت گستاخانہ بیان دینے پر ملعون خاتون کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے ‘ الٹا مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے‘ ان پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جارہی ہے‘ انکے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بھی اپنی دہشت و وحشت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جہاں قابض فوج نے سرچ اپریشن کے دوران گزشتہ روز چار کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ بھارت کے ان مظالم کیخلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز یاسین ملک کی سزا کیخلاف کشمیری سکھوں نے بھی برطانیہ میں مظاہرے کئے جس میں یاسین ملک کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ بھارت کسی بھی دبائو کو خاطر میں نہیں لا رہا اور اسکی کھلی غنڈہ گردی اور دہشت گردی کیخلاف عالمی سطح پر کسی جانب سے صدائے احتجاج بلند نہیں ہورہی۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے حوصلے انتہائی بلند ہو چکے ہیں اور وہ ظلم کا ہر حربہ مسلمانوں کیخلاف کھل کر استعمال کررہا ہے ۔ اسی تناظر میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بھارتی مسلمانوں پر تشدد کے مسلسل واقعات اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ  بھارت مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کیلئے  اب کسی طرح بھی محفوظ نہیں رہا۔ جنونی غنڈوں نے جس طرح مسلمانوں کے قتل و غارت کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کیخلاف قرارداد منظور ہونے کے بعد بھارت جس طرح اس قرارداد کی دھجیاں اڑا رہا ہے‘ اسکے توڑ کیلئے پوری مسلم امہ کے متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ مسلم ممالک کو بھارتی مسلمانوں کی جان‘ مال‘ عزت‘ ثقافت اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنا ہوںگی اور بھارتی غنڈہ گردی کیخلاف متحد ہو کر عالمی قیادتوں اور نمائندہ عالمی اداروں پر دبائو ڈالنا ہوگا تاکہ بھارت کو نکیل ڈالی جاسکے۔ 

مزیدخبریں