مسلمان توہین رسالت برداشت نہیں کر سکتے:پیرسید محمد محفوظ مشہدی

Jun 14, 2022

لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے پاکستان( اعظم) کے مرکزی صدر پیرسید محمد محفوظ مشہدی اور سیکرٹری جنرل پیر محمد اقبال شاہ نے بھارت میں توہین رسالت کے خلاف احتجاج کرنے پر مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے، ان کی املاک کو گرانے اور پولیس تشدد کی بھرپور مذمت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلمان توہین رسالت برداشت نہیں کر سکتے۔ ہمیں ناموس رسالت اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔ نا موس رسالت کے تحفظ میں موت شہادت ہے اور شہادت سے بہتر کوئی موت ہوہی نہیں سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کا بھارت مسلمانوں کیلئے خطرناک ملک بن چکا ہے۔ آئے روز مسلمانوں پر ہندو بلوائی حملے کرتے ہیں۔ مساجد مسمار کی جا رہی ہیں۔ مسلم شہریوں کو شہریت کے نام نہاد متنازع قانون سازی کے ذریعے تنگ کیا جا رہا ہے۔مسلمانوں کو بے گھر کرنے کیلئے ریاست ظلم و ستم ڈھارہی ہے۔ غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ خواتین کو جبری طور پر حجاب پہنے سے روکا جارہا ہے۔ عالمی برادری منافقانہ پالیسی چھوڑ کر بھارتی حکومت کی مذمت کرے اور مسلمانوں کی جان مال اور آبرو کا تحفظ کیا جائے۔

مزیدخبریں