شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ایپکا کے ضلعی صدر شیخ طاہر محمود نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات ناکافی ہیں موجودہ مہنگائی کی شرح کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور وہ تمام مراعات بھی فوری بحال کی جائیں جن کا ایپکا بارہا مطالبہ کر چکی ہے یہ مراعات سرکاری ملازمین کا حق ہیں جو ایک عرصہ سے دبایا جارہا ہے، اپنے ایک بیان میں شیخ طاہر محمود نے کہا کہ ایپکا کے پلیٹ فارم سے ہم سرکاری ملازمین کے حقوق کی آواز مسلسل بلند کررہے ہیں اور اپنی ا س ذمہ داری کو ہر صورت نبھاتے رہیں گے ہماری اولین کوشش ہے کہ ہمارے مطالبات کو تسلیم کئے جانے کے تحت سرکاری ملازمین کو بھرپورریلیف حاصل ہو، انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نہ صرف وفاقی حکومت ہمارے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے فوری اقدامات اٹھائے گی بلکہ پنجاب کے بجٹ میں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ سمیت دیگر مراعات کی فراہمی کا اعلان کیا جائیگا۔