اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ترکی کے سفیر احسان مصطفی یوردکول نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک سفیر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کی خودانحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ ایئر چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر باہمی ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔