ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ڈویڑنل انتظامیہ کو نشتر 2 کی مقررہ مدت میں تعمیر کی ہدایت کی ہے ۔اس سلسلے میں کمشنر انجینئر عامر خٹک نے نشتر2 تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس کی جانب سے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے مکمل معاونت فراہم کی جارہی ہے۔منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے بارے کوشاں ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے 6 ارب روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نشتر2 کی تکمیل سے نشتر ہسپتال 1 پر بوجھ کم ہوگا۔ امسال دسمبر میں او پی ڈی، ایمرجنسی فنکشنل کر دی جائے گی۔عامر خٹک نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا جبکہ وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف بھی ہمراہ تھے بعدازاںکمشنر نے نشتر ہسپتال کے زیر تعمیر لیکچر ہال کمپلکس کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 250 ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر مصطفی کمال لیکچر تھیٹر کمپلکس جلد فنکشنل کیا جائے۔