بنگلورو (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ہوٹل میں ریڈ کے دوران بھارت کے لیجنڈری اداکار شکتی کپور کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شکتی کپور کے بیٹے سدھانت کپور منشیات کے ایک بڑے تنازع میں پھنس گئے ہیں۔ اتوار کی رات بنگلورو میں ایک پارٹی میں مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کرتے ہوئے پائے جانے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔ اداکار کو ایک ہوٹل میں جاری ریو پارٹی میں پولیس کے چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔ بنگلورو پولیس نے تصدیق کی ہے کہ سدھانت کپور ان چھ لوگوں میں شامل تھے، جو مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کرتے ہوئے پائے گئے تھے۔ سدھانت کپور کا منشیات ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا۔ تاہم بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار شکتی کپور نے این سی بی کے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے ماننے سے انکار کر دیا کہ ان کا بیٹا منشیات استعمال کرتے ہوئے پایا گیا ہوگا۔