یو اے ای  سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات


اسلام آباد (خبر نگار)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی-ملاقات میں باہمی دلچسپی کیامور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے-دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات نصف صدی پر محیط ہوچکے ہیں جو قابل فخر ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے مزیدکہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تاریخی، سماجی، ثقافتی اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں- چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات خطے اور مسلم امہ کے اہم ممالک ہیں-مسلم ممالک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا-پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے یو اے ای کو بھر پور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس سے علاقائی سطح پر مزید ترقی و خوشحالی آئیگی ۔ یو اے ای میں تقریبا16 لاکھ پاکستانی روزگار سے وابستہ ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ یواے ای کی ترقی کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں - سفیریو اے ای حماد عبید ابراہیم الزابی نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کیلئے انتہائی اہم ملک ہے اوردونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے دونوں ممالک کیلئے ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔سفیر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن