ویانا ، آسٹریا ،کینیا اور قطر کے نمائندوں کا یواین  کے تحت نیب آفس کا دورہ

Jun 14, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو (نیب)نے یو این سی اے سی کے تحت کنٹری ریویو کیلئے دورہ پاکستان کے دوران یو این او ڈی سی کے کینیا اور قطر سے تعلق رکھنے والے نمائندگان سے بھرپور تعاون کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم(یو این او ڈی سی)سیکرٹریٹ ویانا ، آسٹریا ،کینیا اور قطر سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کنونشن (یو این سی اے سی)کے تحت پاکستان کے دوسرے کنٹری ریویو کیلئے یکم سے 3جون کے دوران پاکستان کا دورہ کیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے یو این سی اے سی کیلئے پاکستان کا مرکزی ادارہ ہونے کی حیثیت سے پاکستان کے کنٹری ریویو سے متعلق تمام اجلاسوں کی نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں میزبانی کی۔ ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے اجلاسوں کی صدارت کی جبکہ یو این او ڈی سی پاکستان کے کنٹری ری پریزنٹیٹیو جریمی ملسن بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزارت قانون و انصاف ، وزارت خزانہ، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سٹیٹ بینک آف پاکستان، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، ایس ای سی پی، الیکشن کمیشن، ایف آئی اے، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، اکائونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیوز، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل آڈٹ اسلام آباد، کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس، مسابقتی کمیشن آف پاکستان، پیپرا، اینٹی کرپشن کے کے تمام صوبائی ادارے، تمام صوبوں کے اکائونٹنٹ جنرل آف ریونیوز سمیت تمام متعلقہ قومی فریقوں نے شرکت کی اور پاکستان کے کنٹری ریویوز دورے میں فعال حصہ لیا اور اپنے اختیار کے مطابق بھرپور کردار ادا کیا۔ یو این او ڈی سی اور کینیا سے سینئر جائزہ کنندگان نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ قطر سے ماہرین نے ریویو کے عمل کے جائزہ کیلئے ورچوئل شرکت کی۔ پاکستان نے جائزہ کنندگان کی سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ ملاقات کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کا بھی اقدام کیا۔ ماہرین اور جائزہ کنندگان نے کہا کہ پاکستان نے زیر جائزہ زیادہ تر حصوں پر عمل کیا ہے ۔ انہوں نے کنونشن پر عملدرآمد کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا اعتراف کیا۔ کنٹری ریو یو کو مکمل کرنے کیلئے طریقہ کار اہم اقدام ہے اور اس کی تکمیل کے بعد یہ مستقبل قریب میں حتمی شکل اختیار کر لے گا۔ ریویو سائیکل مکمل ہونے کے بعد عالمی اداروں میں پاکستان کا تشخص بہتر ہو گا۔

مزیدخبریں