ڈیجیٹلائزیشن سے پارلیمنٹ مزید موثر اور نتیجہ خیز ہوگی: راجہ پرویزاشرف


 اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن سے پارلیمنٹ مزید موثر اور نتیجہ خیز ہوگی جس سے اراکین پارلیمنٹ اور اسٹاف کے استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دفاتر میں گوگل آفس متعارف کرانے سے پاکستان کی پارلیمنٹ جنوبی ایشیا کی پہلی پیپر لیس پارلیمنٹ بن جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے "ڈیجیٹل انوویشن ہب" کے حوالے سے سی ای او ٹیک ویلی اور مختلف ممالک کی گوگل ٹیم کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن اور گوگل آفس پارلیمنٹ کے ماحول کو بدل دے گا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج بنا دیا۔انہوں نے کہا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے پارلیمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔  سی ای او ٹیک ویلی عمر فاروق نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ جنوبی ایشیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جسے ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیک ویلی پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے گوگل پارٹنر ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن ہب برائے پارلیمنٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی اسمبلی کے مختلف دفاتر میں ڈیجیٹلائزیشن کی تربیت کا انعقاد کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن