لاہور( نیوز رپورٹر )گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ڈاکٹر ارنیسٹ فہیم بھٹی جنرل سیکرٹری امپلیمیٹیشن مینارٹی رائٹس فورم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو ترکیہ میں زلزلہ زدگان کے لیے ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستانی عوام کے دل آپس میں محبت اور اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا تو ترکیہ سمیت بہت سے دوست ممالک نے آگے بڑھ کر مدد کی۔ انہوں نے ترکیہ متاثریں کی امداد کے لئے امپلیمیٹیشن مینارٹی رائٹس فورم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ پاکستانی قوم فلاحی کاموں کی وجہ سے دنیا میں ممتاز حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام قوموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ایدھی ایمبولینس سروس کو دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولینس سروس کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں رضاکارانہ جذبے کو ابھارنے کی ضرورت ہے۔ جنرل سیکرٹری امپلیمیٹیشن مینارٹی رائٹس فورم ڈاکٹر ارنیسٹ فہیم بھٹی نے حوصلہ افزائی کرنے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تنظیم، رنگ ونسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔