اسلام آباد (وقائع نگار+ این این آئی) سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 9 مئی کے حوالے سے دو مقدمات درج تھے، میں اسلام آباد میں موجود ہی نہیں تھا، کراچی میں تھا، مجھ پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملک میں بجٹ پر بحث چل رہی ہے، بجٹ کے حوالے سے ان کے اپنے ماہرین متفق نہیں، آمدنی اخراجات اور جی ڈی پی تخمینے سے حکومتی معاشی ماہرین بھی متفق نہیں۔ جو بجٹ دیا ہے وہ آئی ایم ایف کے مطابق نہیں ہے۔ ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے، یہ بجٹ لفظوں کا گورکھ دھندا ہے۔ جو اعداد و شمار انہوں نے دئیے ہیں ان کے اپنے معاشی ماہر اس سے متفق نہیں ہیں۔ وزیر مملکت عائشہ غوث بخش کے اپنے شوہر ان کے اعداد وشمار سے اتفاق نہیں کرتے، ایک طرف ملک ڈیفالٹ کی صورتحال پر ہے، معاشی مشکلات ہیں، دوسری طرف چیئرمین نیب اور چیئرمین کرکٹ بورڈ کی تعنیاتی پر بحث چل رہی ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کیرم بورڈ کھیل رہے ہیں۔