علی افضل ساہی گرفتار، عامر سلطان چیمہ، بیتے سمیت مزید 4رہنمائوں نے پی ٹی آئی چھوڑ دی

 لاہور ‘سرگودھا‘ گوجرانوالہ‘ اسلام آباد (خبر نگار+نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار + آئی این پی+ این این آئی) پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیرعلی افضل ساہی کو وفاقی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ علی افضل ساہی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ وہ تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں پیشی کیلئے آئے تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے علی افضل ساہی کی عبوری ضمانت میں توسیع کی۔ پولیس کے مطابق سابق صوبائی وزیر کو دیگر مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔ تحریک انصاف کی سرگودھا میں تین کے بعد تین اور وکٹیں گر گئیں۔ اس طرح سابق ارکان اسمبلی سمیت سرگودھا کی چھ شخصیات نے پی ٹی آئی کو الوداع کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کی اور افواج پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کے ساتھ فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ذرائع سے تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ، ان کے صاحبزادے سابق ایم پی اے چوہدری منیب سلطان چیمہ، سابق ایم پی اے چوہدری فیصل فاروق چیمہ نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی علی عزیز جی جی نے بھی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 10 ہزار کے مچلکوں کے عوض 19 جون تک ضمانت منظور کر لی۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ ترنول میں درج 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی، شاہ محمود خود پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے وکیل علی بخاری سے سوال کیا کہ کل آپ کدھر تھے؟ جس پر وکیل علی بخاری نے بتایا کہ چیف کمشنر آفس میں درخواست کے معاملے پر مصروف تھا۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کل چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر آپ کا کوئی وکیل پیش نہیں ہوا، میں نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔ اے ٹی سی کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس کی سماعت کی۔ اس دوران میاں محمود الرشید کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے  ملزم کو 27 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے۔ عدالت نے سابق وفاقی وزیر کو تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے سانحہ 9 مئی میں ملوث ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں تھانہ کینٹ پولیس نے سانحہ 9مئی میں ملوث جیو فینسنگ کے ذریعے گرفتار کئے جانے والے 11 ملزموں کو سخت حفاظتی پہرہ میں پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن