لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمپنی ہواوے اور چینی کمپنی کے عہدیداران کیساتھ اہم اجلاس ہوا۔ نجی کمپنی ہواوے نے سیف سٹی اتھارٹی کے شاہراہوں پر نصب غیر فعال کیمرے ٹھیک کرانے کی ذمہ داری اٹھا لی۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ نجی کمپنی ہواوے کا سامان بذریعہ کارگو شپ 21 جون کو پہنچ رہا ہے جس کے بعد فوری کام کا آغاز ہوجائیگا، نجی کمپنی ہواوے 14 اگست تک صوبائی دارالحکومت کے سیف سٹی سسٹم کے 2 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے درست کریگی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سیف سٹی اتھارٹی کے مزید 500 کیمروں کو بھی دیگر ذرائع سے ٹھیک کیا جا رہا ہے،تمام کیمروں کے فعال ہونے سے اہم شاہراہوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مانیٹرنگ کا عمل مزید موثر ہو گا۔ ہواوے کے مطابق 14 اگست تک سیف سٹی اتھارٹی کے 6 ہزار 500 کیمرے مکمل فعال حالت میں ہوں گے۔سیف سٹی کی ورکنگ میں سافٹ وئیر کے تمام مسائل کو حل کر لیا گیا، چہرہ شناخت کا سسٹم بھی دوبارہ فعال ہو چکا ہے اور سیف سٹی کے جدید سسٹم سے اشتہاریوں اور مطلوب مجرمان کی شناخت اور گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔