لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ عالمی کپ کی تیاری کیلئے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا ہونا اہم ہے، بدقسمتی سے ایشیا کپ کا انعقاد مسئلہ بنا ہوا ہے،پاکستان ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہوجائے تو بہت خوش آئند بات ہوگی، پی سی بی کو عالمی کپ جیسے بڑے اور میگا ایونٹ سے قبل مناسب منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ کرکٹ پاکستان اور بھارت سے بڑی ہے، دونوں بورڈز کو یہ سمجھنا ہوگا اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنا ہوگا۔ میرا نام بھارت کیخلاف پرفارم کرکے بنا، پاکستان بھارت کرکٹ کے انعقاد سے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کیساتھ کھلاڑیوں کو بھی مالی منفعت اور آسودگی میسر آئیگی۔ یقین ہے پاکستان ورلڈکپ کے ٹاپ فور میں پہنچ کر سیمی فائنل کھیلنے میں کامیاب رہیگا،پاکستان کرکٹ ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں جبکہ ہماری فاسٹ بائولنگ بہت اچھی ہے۔ یہ امر بھی تسلی بخش ہے کہ پاکستان کے پاس تین سے چار کھلاڑی ایسے ہیں جو اپنی ٹیم کو جتواسکتے ہیں، یونس خان نے مشورہ دیا کہ بڑے مقابلوں میں بطور ٹیم کھیلیں ، کھیل کے تینوں شعبے اہم ہیں۔کپتان بابراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہیے کہ بھارت کیخلاف میچ کا پریشر نہ لیں بلکہ کھیل سے بھرپور انداز میں لطف اٹھائیں، کسی بھی بڑے میچ میں کپتان کے پاس دو سے تین پلان ہوں تو سود مند رہتا ہے۔ پاکستان ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہمارے پاس فخر زمان اوربابراعظم جیسے اچھے بیٹرز موجود ہیں جو کھیل کا پانسہ تبدیل کرنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتے ہیں۔
پی سی بی عالمی کپ جیسے میگا ایونٹ کی مناسب منصوبہ بندی کرے : یونس خان
Jun 14, 2023