لاہور(کامرس رپورٹر )ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئر مین عامر قدیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے ٹیکس اہداف کے حصول کیلئے ایف بی آر کی ساری مشینری کو متحرک کرے ،ملک میں ٹیکس سپیس بہت زیادہ ہے صرف ویژن کی کمی ہے ،مطالبہ ہے کہ حکومت ٹیکس ریٹس کی شرح کو نیچے لائے جس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پوسٹ بجٹ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر بیرسٹر اسلم شیخ،سلیم محمود،ندیم چودھری،افتخار چودھری ،شعیب بٹ،بابر نیاز،سمر تارڑ،اقبال شیخ ،اقبال و،۔ناصر رمضان چودھری ،مکرم فاروق شیخ،عائشہ چودھری اور ٹیکس ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات کا ہدف 15ارب ڈالر مقر کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش 48ارب ڈالر کی برآمدات کر رہا ہے۔حکومت اور ایف بی آر موجودہ ٹیکس دہندگان کو نشانہ بنانے کی بجائے اہداف کے حصول کے لئے نئے شعبوں کی تلاش کریں۔گردشی اور غیر ملکی قرضوں سے نجات حا صل کرنے کیلئے ایمر جنسی کی طرز پر پالیسی دینا ہو گی۔