پاکستان کے قدرتی آفات سے تحفظ کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان پاکستانی ساحلی علاقے کیٹی بندر سے صرف 300 کلومیٹر دور رہ گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے کراچی سے 350 جبکہ ٹھٹھہ سے 360 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے۔ طوفان شمال کی جانب رہنے کے بعد 15 جون بعد از دوپہر شمال مشرق کی جانب رخ کرتے ہوئے کیٹی بندر و انڈین ریاست گجرات سے گزرے گا۔این ڈی ایم اے نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی ہے۔15 جون 2023 کی سہ پہر کو پاکستانی کی ساحلی پٹی اس سمندری طوفان سے متاثر ہو سکتی ہے۔ سمندری طوفان سے ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، کراچی، میرپورخاص، عمرکوٹ، حیدرآباد، اورماڑہ، ٹنڈو اللہ یار خان اور ٹنڈو محمد خان کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق ان علاقوں میں شدید آندھی، تیز بارش اور سیلابی ریلوں کے بننے کا امکان ہے۔