وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جعلی کاغذ لہرا کر کہا جاتا رہا سائفر آیا ہے اور یہ ایک امپورٹڈ حکومت ہے، حقائق نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو زمین بوس کردیا ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا پروپیگنڈہ آج بے نقاب ہو گیا ہے۔سازشی بیانیے اور لوگوں کو تقسیم کرنے سے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کے وقار کو خاک میں ملانے کی کوشش کی، لوگوں کی جھوٹی ذہن سازی کی جا رہی تھی، قوم کو کہا گیا میری حکومت امریکا سے ہٹوائی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ 9مئی کے واقعے نے پورے ملک کے عوام کو رنجیدہ کردیا، وطن سے محبت کرنے والا شہری 9مئی جیسے واقعات کا سوچ بھی نہیں سکتا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے شہدا نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید کے نام سے منسوب کرنا قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے، شہدااپنے بچوں کویتیم کرگئے لیکن لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل کا معاہدہ ہوا ہے،41ہزارٹن خام تیل لیکرپہلا جہاز لنگرانداز ہوچکاہے، روس سے آنے والا تیل عالمی مارکیٹ میں 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا حکومت نے عام آدمی کوبجٹ میں ریلیف دیاہے،سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں معاشی استحکام ممکن نہیں، سازشی بیانیے اور لوگوں کو تقسیم کرنے سے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
جعلی کاغذ لہرا کر کہا گیا سائفر آیا، حقائق نے پروپیگنڈا زمین بوس کردیا۔وزیراعظم
Jun 14, 2023 | 12:47