ارجنٹائن کے کپتان، مشہور فٹ بالر لیونل میسی کو چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ایئرپورٹ پر دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹار فٹ بالر لیونل میسی ارجنٹائن کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف عالمی دوستانہ میچ کھیلنے کے لئے بیجنگ پہنچے تھے جہاں انہیں چینی پولیس نے ویزا نہ ہونے کے باعث حراست میں لے کر تفتیش کی۔میڈیا ذرائع کے مطابق اسٹار فٹ بالر لیونل میسی ارجنٹائن اور اسپین دو پاسپورٹ کے حامل ہیں، انہیں ویزے کا اجرا ارجنٹائن کے پاسپورٹ پر ہوا تھا تاہم اسٹار فٹ بالر ارجنٹائن کا پاسپورٹ ساتھ لانا بھول گئے تھے جبکہ اُن کے پاس اسپین کا پاسپورٹ تھا۔میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس نے تقریباً 30 منٹ کے بعد صورتحال پر قابو پالیا، انہوں نے یقین دہانی اور قانونی کارروائی مکمل کرکے اسٹار فٹ بالر کو انٹری ویزا جاری کرکے جانے کی اجازت دے دی۔ایئرپورٹ سے باہر نکلنے پر میسی کا ہزاروں مداحوں نے پرتپاک استقبال کیا اور اپنے پسندیدہ فٹ بالر کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ لیونل میسی نجی طیارے کے ذریعے بیجنگ پہنچے، جہاں وہ ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کی جانب سے 15 جون بروز جمعرات کو ہونے والے آسٹریلوی ہم منصب کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت کریں گے، بعدازاں ان کی ٹیم 19 جون کو انڈونیشیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گی، جس کے بعد لیونل میسی کو جولائی میں اپنے نئے کلب انٹر میامی میں شمولیت سے قبل آرام کا وقفہ مل جائے گا۔اس سے قبل میسی نے 2017 میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا جبکہ وہ اب تک چین کے 7 دورے کرچکے ہیں۔
لیونل میسی کو بیجنگ ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا
Jun 14, 2023 | 23:53