لاہور(خصوصی نامہ نگار ) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار کر کے عام آدمی کے معاشی بوجھ میں ناقابل برداشت اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سرمایہ دار طبقے کو بچانے کیلئے ملازمین کی تنخواہوں پر ٹیکس میں مزید اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔ متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی بجائے اس پر اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو پہلے ہی اذیت سے دوچار کر رکھا ہے، موجودہ بجٹ نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے۔ ٹیکس چھوٹ کی مد میں 3 ہزار9 سو ارب روپے کا دوسروں کو فائدہ پہنچا کر ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ مخصوص تاجر طبقوں کو ٹیکسوں میں دی جانیوالی چھوٹ اور بے جا مراعات کے اضافی اخراجات پورے کرنے کیلئے بجٹ میں عام آدمی پر ہر ٹیکسز لگا دئیے گئے ہیں۔