لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کئیر کمشن کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل کی زیر صدارت ہوا۔ اس موقع پر پروفیسر خواجہ صادق حسین (مرحوم)سابق صدر کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان سمیت شعبہ طب سے وابستہ سینئر اساتذہ جو اس دنیا سے رخصت ہوئے ہیں ان کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں ثاقب عزیز، ڈاکٹر مشتاق احمد سلیریا اور ڈاکٹر شاہد سمیت ٹیکنیکل ایڈوائزر کمیٹی کے سینئر ممبران ،پروفیسر احسن وحید راٹھور، پروفیسر محمود ایاز، ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈاکٹر حبیب اللہ ، محمد سمیع اللہ ٹیپو، کرنل غلام شبیر ، پروفیسر محمود احمداور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹیو افسران نے شرکت کی۔ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کے ماہرین نے ہسپتالوں کی گریڈنگ اور زوننگ پر سیر حاصل گفتگو کی اور سہولیات کی بنیاد پر ان کی تقسیم گرین، بلیو، ییلو، ریڈ اور گرے زون میں کرنے کی تجاویز سامنے آئیں۔ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کے کنوینر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری سب سے اولین ترجیح ہوگی اور ہیلتھ کیئر کمیشن اس کیلئے کوشاں ہیں اور ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی اس سلسلے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔